بھارتی سول سوسائٹی گروپ کا مقبوضہ کشمیر میں انسانی جانوں کے زیاں پر اظہار تشویش

اتوار 13 مئی 2018 13:30

نئی دہلی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) بھارتی سول سوسائٹی تنظیم ’’گروپ آف کنسرنڈ سٹیزنز‘‘ (جی سی سی) نے مقبوضہ کشمیر میں جاری قتل عام پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے بامعنی مذاکراتی عمل پر زور دیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جی سی سی نے نئی دلی سے جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں وکشمیرمیں تشدد کے نہ تھمنے والے عمل کی وجہ سے انسانی جانوں کا زیاں مسلسل جاری ہے جس پر اسے گہری تشویش ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا کہ انسانی خاص طور پر نوجوانوں کی جانوںکے زیاںکے علاوہ علاقے میں صحت ، تعلیم اور معیشت کے شعبے بھی برح طرح متاثر ہیں۔بیان میں بھارتی حکومت پر زور دیا گیا کہ وہ کشمیر میں فوری طور پر سیز فائر اور فورسز کی طرف سے جاری آپریشنوں کی معطلی کا اعلان کرے۔ سول سوسائٹی کے گروپ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ اعتماد سازی کے عمل سے تنازعہ کو پرامن طریقے سے حل کرنے کا راستہ ہموار ہو گا۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سول سوسائٹی کو امید ہے کہ بھارتی حکومت اس کے مطالبے کا فوری جواب دے گی۔