حق خود ارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیاجائیگا، جموںوکشمیر مسلم لیگ

اتوار 13 مئی 2018 13:30

سرینگر ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر مسلم لیگ نے کہا ہے کہ کشمیری اپنے پیدائشی حق ، حق خود ارادیت کے حصول کے لیے بیش بہا قربانیاں دے رہے ہیں جنہیں ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق قائم مقام چیئرمین عبدالاحد پرہ کی صدارات میں سرینگر میں منعقدہ مسلم لیگ کے اجلاس میں مقبوضہ علاقے کی تازہ ترین صورتحال پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا ۔

عبدالاحد پرہ نے اجلاس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادو ں کے تحت ہی حل کیا جاسکتا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ بھارت کو ضد اور ہٹ دھرمی کی پالیسی سے کچھ حاصل نہیں ہوگا لہذا اسکی بہتری اسی میں ہے کہ وہ حقائق کا اعتراف اور تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے سنجیدگی کامظاہرے کرے۔

(جاری ہے)

عبدالاحد پرہ نے واضح کیا کہ مسئلہ کشمیر کو حل کیے بغیر خطے میں پائیدارامن و ترقی کا خواب ہرگز شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔

انھوں نے پارٹی چیئرمین مسرت عالم بٹ، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ڈاکٹر شفیع شریعتی، غلام قادر بٹ، محمد یوسف میر، اسداللہ پرے، شوکت حکیم، معراج الدین نندا، فیاض احمد طلاق، مولوی سجاد، محمد یوسف فلاحی، امیر حمزہ، میر حفیظ اللہ، عبدالرشید بٹ، مفتی ندیم، محمد افضل بٹ، امتیاز احمد میر،محمد اشرف ملک، ذاکر حسین بٹ، محمد حیات بٹ اور غیر قانونی طور پر نظر بند دیگر کشمیریوں کے عزم وہمت کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ نظر بندیوں اور دیگر اوچھے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا۔