حلقہ پی پی 73 کی ہر یونین کونسل میں پینے کا صاف پانی دستیاب ہوگا ، زاہد اقبال غوری

اتوار 13 مئی 2018 14:00

سرگودھا۔13 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) امیدوار برائے صوبائی اسمبلی حلقہ پی پی 73 ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا ہے کہ حکومت کے ساتھ ساتھ مخیر حضرات کو بھی چاہیئے کہ وہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کیلئے مختلف آبادیوں میں، جہاں پینے کا پانی قابل استعمال نہیں ہے، اپنی مدد آپ کے تحت پینے کے صاف پانی کیلئے اقدامات کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پانی کی سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پینے کے صاف پانی کی فراہمی خالصتاً اللہ کی رضا کیلئے ہے اور میری کوشش ہے کہ بھلوال کے لوگ پینے کے صاف پانی کی نعمت سے محروم نہ رہیں۔ ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ میں نے گھر گھر پینے کے صاف پانی کو فراہم کرنے کیلئے بغیر کسی مقاصد کے سلسلہ شروع کیا ہے اس میں لوگوں کا تعاون میرے شامل حال ہے اور انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب حلقہ پی پی 73 کی ہر یونین کونسل میں گھر گھر پینے کا صاف پانی ہوگا ۔

ڈاکٹر زاہد اقبال غوری نے کہا کہ ماہرین کا کہنا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو بے پناہ وسائل سے نوازا ہے، یہاں پر دریائوں کیساتھ ساتھ نہروں کا بہترین نظام موجود ہے ۔ اس موقع پر رائو طاہر مشرف اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔