ماہ صیام میں عوام کو ریلیف کیلئے تمام تیاریاں مکمل ،گراں فروش اور کم تولنے والے قبلہ درست کر لیں، چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان

اتوار 13 مئی 2018 14:00

لاہور۔13 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا ہے کہ متعلقہ اداروں کی جانب سے رمضان المبارک کے سلسلہ میں تیاریاں حتمی مرحلے میں داخل ہو گئی ہیں ،عوام کو رمضان بازاروں اورفیئر پرائس شاپس کے ذریعے معیاری اشیاء کی سستے نرخوں پر فراہمی کیلئے تمام انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر گراں فروشوں اور کم تولنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے رمضان المبارک میں گراں فروشوں کے خلاف موثر کارروائیوں اور دیگر انتظامات کے سلسلہ میںمنعقدہ اجلاس کے دوران کیا ۔ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا کہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف دینے اور ناجائز منافع خوری کی روک تھام کیلئے گزشتہ ایک ماہ سے تیاریاں جاری تھیں جنہیں حتمی شکل دیدی گئی ہے ، عوام کو ریلیف دینے کے لئے تمام اسٹیک ہولڈرز سے پیشگی مذاکرات کئے گئے اور تمام ایسوسی ایشنزکے عہدیداروں نے حکومت کی کاوشوں میں اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوپن مارکیٹوں میں گراں فروشی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کیلئے حکمت عملی مرتب کر لی گئی ہے ، ایسے عناصر کو پیشگی متنبہ کیا جارہا ہے کہ وہ اپنا قبلہ درست کر لیں اور رمضان المبارک میں عوام کا استحصال کرنے سے باز رہیں ۔ انہوںنے کہا کہ رمضان المبارک میں نہ صرف گراں فروشی کرنے والوں بلکہ کم تولنے اور ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کے خلاف بھی سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں تمام تیاریوں کو حتمی شکل دیدی گئی ہے اور عوام کی آسانی کے لئے دن رات ایک کر دیں گے۔