برقی آلات کو ریموٹ کنٹرول کی بجائے بٹن سے بند کرکے بجلی بچائی جاسکتی ہے، ایگزیکٹو انجینئر فیسکو

اتوار 13 مئی 2018 14:20

جھنگ/فیصل آباد۔13 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) فیسکو جھنگ ڈویژن ون کے ایگزیکٹو انجینئر مدثر علی شیخ نے کہاہے کہ برقی آلات کو ریموٹ کنٹرول کی بجائے بٹن سے بند کرکے بجلی کی بھاری مقدار بچائی جاسکتی ہے جبکہ توانائی بچانے کیلئے نسل نو بالخصوص طلبہ و طالبات بھی کلیدی کردار ادا سکتے ہیں۔ ایک ملاقات کے دوران انہوںنے بتایاکہ موسم گرما کی شدت میں اچانک زبردست اضافہ کی وجہ سے بجلی بچانے کیلئے بھرپور اقدامات کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ بجلی کی طلب و رسد میں فرق پر قابو پانے کیلئے بجلی کی بچت ضروری ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بجلی کا ایک میگا واٹ پیدا کرنے کیلئے خطیر رقم صرف ہوتی ہے لہٰذااگر ہم بجلی بچائیں تو یہ خطیر قومی زرمبادلہ بچایا جا سکتا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ توانائی بچانا ملکی خدمت بھی ہے اور ہمارا دین کامل بھی اسراف سے منع کرتا ہے ۔انہوںنے بتایاکہ بجلی بچائو مہم میں سب کو بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔انہوںنے کہا کہ ملک کو ترقی کی نئی منازل پہ گامزن کرنا نسل نو کی ذمہ داری ہے نیز توانائی بچانے کیلئے بھرپور اقدامات کرنا وقت کی ناگزیرضرورت ہے تاکہ صنعت و زراعت،تجارت پھلیں پھولیںاور ملکی معیشت مضبوط بنیادوں پر استوار ہو ۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں کوئلے ، ہوا، شمسی توانائی اور پانی جیسی نعمتوں سے نوازا ہے جن سے استفادہ کیلئے اقدامات جاری ہیں۔انہوںنے کہاکہ ہمیں بحیثیت قوم متحد ہو کر اس ضمن میں اپنا اپناکردارادا کرنا ہو گاجبکہ توانائی بچانے کیلئے خواتین خانہ بالخصوص طلبہ و طالبات بھی کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :