۱ٓئندہ مو ن سون کے دوران متوقع سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فلڈ فائٹنگ پلان تیار

اتوار مئی 14:20

فیصل آباد۔13 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) ۱ٓئندہ مو ن سون کے دوران متوقع سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے فوری پیشگی فلڈ فائٹنگ پلان تیار اور تمام تر ضروری مشینری چالوحالت میں رکھنے کی ہدایت کر دی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ واسا، میونسپل کارپوریشنز اور میونسپل کمیٹیزسمیت تمام متعلقہ سرکاری محکمے آئند ہ موسم برسات میں پیداہونے والی کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کیلئے پیشگی حفاظتی ، تدارکی اقدامات مکمل رکھیں تاکہ دریائوں کی متوقع طغیانی اور ممکنہ غیر معمولی بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی حالت سے نمٹنے کیلئے کسی مشکل و پریشانی کاسامنا نہ کرناپڑے۔

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ محکمہ انہار کے حکام انتظامی افسرا ن کے ساتھ مل کر دریائوں کے حفاظتی بندوں کا مشترکہ معائنہ کریں گے اور اگر کسی جگہ پر حفاظتی بند کمزور پائے گئے تو وہاں فوری طور پر مرمت شروع کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کنٹرول رومز وریلیف سنٹرز کے قیام،ٹرانسپورٹ سروسز،سٹاف کیلئے ڈیوٹی روسٹرسمیت دیگر ضروری اقدامات کومکمل رکھنے کی بھی ہدایت کی۔

انہوں نے کہا کہ مختلف شہروں میں ہونے والی موجودہ بارشوں کے باعث ڈینگی کی افزائش کے ممکنہ خطرات کو مدنظررکھتے ہوئے اس کی روک تھام کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے ڈینگی کے خلاف بھرپورسماجی تحریک میں مزید تیزی لانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری دفاتر کے سٹورز میں ناکارہ وفالتو اشیاء اور دیگر کاٹھ کباڑ کو ضوابط کے تحت فارغ کردیں۔انہوں نے ٹائر شاپس،کباڑ خانوں،قبرستانوں سمیت ڈینگی کی پیدائش وافزائش کے دیگر ممکنہ ذرائع کو تسلسل سے چیک کرکے ڈینگی لاروا کی مکینیکل طریقے سے تلفی کویقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔انہوں نے بلدیاتی اداروں کے سالانہ ترقیاتی پروگرامز پرسست روی کا نوٹس لیتے ہوئے تعمیراتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت بھی کی۔