باغبان لیچی کی فصل کو پانی کی کمی نہ آنے دیں، زرعی ماہرین

اتوار مئی 14:20

فیصل آباد۔13 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) زرعی ماہرین نے کہا ہے کہ الیچی ایک انتہائی اہم اور نقد آور فصل ہے جس کا پھل نہایت میٹھا اور لذیذ ہونے کے علاوہ عوام میں بے حد پسند کیا جاتا ہے تاہم اس کی مناسب نگہداشت اور اسے معمول کے باغات اور پھلوں سے ہٹ کر کئی گنا زیادہ پانی کی ضرورت ہوتی ہے اس لئے باغبان الیچی کی بہتر پیداوار کے حصول کیلئے پانی کی کمی نہ آنے دیں اور اگر بارشیں نہ ہوں تو درختوں پر دن میں کم از کم 2 مرتبہ مصنوعی بارش برسانے کا بھی اہتمام کریں تاکہ لیچی کے پودوں کی پانی کی ضرورت کو پورا کیا جا سکے۔

ایک ملاقات میں انہوں نے بتا یا کہ الیچی کا پھل زیادہ تر جنوبی پنجاب کے گرم علاقوں میں بہتر انداز میں نشو ونما پاتا ہے جس کو ٹہنی کے ساتھ قلم کیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتا یا کہ اگر الیچی کی زیادہ سے زیادہ کاشت کیلئے اقدامات کئے جائیں تو اس نقد آور پھل کو برآمد کر کے قیمتی زر مبادلہ حاصل کیا جا سکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ یہ امر بھی دلچسپی کا حامل ہے کہ اگرچہ لیچی کا پھل گرم تاثیر رکھتا ہے لیکن اس کے باوجود اسے گرمیوں میں بہت پسند کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لیچی کی 4اقسام گولا، کلکتی ، بے دانہ ، بمبے کم کاشت ہونے کے باعث مہنگے داموں فروخت ہوتی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ لیچی کا ایک درخت اوسطاً 2سے 4من پیداوار دیتا ہے جو مارکیٹ میں 250سے 300 روپے فی کلو فروخت ہوتا ہے اس طرح ایک ایکڑ سے باغبان کم از کم 2لاکھ روپیہ آمدنی حاصل کر سکتے ہیں ۔انہوںنے بتا یاکہ اس ضمن میں مزید معلومات کیلئے ماہرین زراعت یا محکمہ زراعت کے فیلڈ سٹاف سے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :