رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر ماہ مقدس کے استقبال کی تیاریاں شروع، لوگ سحر و افطار کے پکوان تیار کرنے کیلئے خریداری اور گھروں کی صفائی میں مصروف

اتوار مئی 15:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) رمضان المبارک کی آمد کے پیش نظر ہر گھر میں ماہ مقدس کے استقبال کی تیاریاں شروع ہو گئیں، لوگ سحر و افطار کے پکوان تیار کرنے کیلئے خریداری اور گھروں کی صفائی میں مصروف ہو گئے۔ رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی مسلمان ماہ صیام کے استقبال کی تیاریاں شروع کر دیتے ہیں۔ پکوڑے، سموسے، دہی بھلے اور مشروبات وغیرہ کی تیاری میں استعمال ہونے والے سامان اور دیگر روز مرہ استعمال کی اشیاء کی خریداری کے ساتھ ساتھ گھروں میں خصوصی عبادات کے اہتمام کیلئے صفائی کے انتظامات شروع ہو جاتے ہیں۔

ماہ رمضان کی مناسبت سے اس سال بھی بچوں، بڑوں اور خواتین میں خصوصی جوش و خروش اور ولولہ پایا جاتا ہے ہر کوئی رمضان المبارک کے استقبال کی تیاریوں میں مشغول ہے۔

(جاری ہے)

تجارتی مراکز میں بھی رمضان کی آمد کے پیش نظر کاروباری سرگرمیاں تیز ہو جاتی ہیں اور سحر و افطار کے پکوانوں کی تیاری میں استعمال ہونے والی اشیاء مصالحہ جات، مشروبات کے علاوہ عبادات کیلئے جائے نماز، تسبیح، ٹوپیوں اور دیگر اشیاء کی خرید و فروخت بڑھ جاتی ہے۔

مساجد میں بھی استقبال رمضان کا خصوصی اہتمام کیا جاتا ہے اور عبادات کیلئے خصوصی انتظامات کئے جاتے ہیں تاکہ پنجگانہ نماز باجماعت ادائیگی کے ساتھ ساتھ نماز تراویح اور جمعہ کے اجتماعات کے حوالے سے خصوصی انتظامات کئے جا سکیں اور نمازیوں کو سہولت دی جا سکے۔ مساجد میں رنگ و رغن، چراغاں، واٹر ٹینکوں کی صفائی، پنکھوں، برقی قمقموں، لائوڈ سپیکرز سمیت دیگر برقی آلات کی ضروری مرمت کا کام بھی کروایا جاتا ہے اور نمازیوں کیلئے اضافی گنجائش پیدا کی جاتی ہے کیونکہ اس ماہ مقدس کے فضائل و برکات سمیٹنے کیلئے رمضان المبارک کے دوران نمازیوں کی تعداد میں کئی گنا اضافہ ہو جاتا ہے۔

متعلقہ عنوان :