قومی خبر رساں ادارے اے پی پی اور چائنا ڈیلی ملٹی میڈیا کے درمیان خبروں کے تبادلے اور زیادہ سے زیادہ اطلاعات تک رسائی کے لئے اشتراک کار بڑھانے کا معاہدہ

ایم ڈی اے پی پی مسعود ملک اور ڈیلی ملٹی میڈیا چین کی ڈپٹی ایڈیٹر انچیف لائی چی لی کے نے پاکستان کی 70ویں سالگرہ کے حوالے سے نیوز ایجنسیوں کی عالمی کانفرنس کے موقع پر معاہدے پر دستخط کئے

اتوار 13 مئی 2018 15:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) قومی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان اور چائنا ڈیلی ملٹی میڈیا کے درمیان خبروں کے تبادلے اور چین اور پاکستان میں زیادہ سے زیادہ اطلاعات تک رسائی کے لئے اشتراک کار بڑھانے کے حوالے سے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے تحت دونوں ادارے ایک دوسرے کو اطلاعات تک رسائی کے حوالے سے ہر ممکن تعاون فراہم کریںگے۔

اس سلسلے میں گذشتہ روز اے پی پی کے منجینگ ڈائریکٹر مسعود ملک اور ڈیلی ملٹی میڈیا چین کی ڈپٹی ایڈیٹر انچیف لائی چی لی کے درمیان اے پی پی ہیڈ کوارٹر میں معاہدے پر دستخط ہوئے۔ یہ معاہدہ پاکستان کی 70ویں سالگرہ کے حوالے سے نیوز ایجنسیوں کی عالمی کانفرنس کے موقع پر طے پایا ہے۔ اے پی پی وزارت اطلاعات ونشریات کے انتظامی اور مالیاتی کنٹرول کے تحت اپنے فرائض سرانجام دیتی ہے جبکہ ڈیلی ملٹی میڈیا چائنا چینی قوانین کے تحت قانونی حیثیت کی حامل ہے۔

(جاری ہے)

ہفتے کی رات ڈیلی ملٹی میڈیا چین کے ساتھ طے پانے والے معاہدے کے تحت دونوں ادارے ضمنی معاہدے پر دستخطوں کے بعد دو ہفتوں کے اندر اندر اطلاعات تک رسائی کے طریقہ کار کے تعین کو حتمی شکل دیںگے۔ڈیلی ملٹی میڈیا چین اے پی پی کو اپنے ہوم پیج پر انفرادی لاگ ان اور پاسورڈ فراہم کرے گا۔ اسی طرح اے پی پی بھی اپنے ہوم پیج پر ڈیلی ملٹی میڈیا چین کو انفرادی لاگ ان اور پاسورڈ فراہم کرے گا۔

دونوں اطراف سے اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ دونوں ادارے ضرورت کے وقت ایک مخصوص حد تک ایک دوسرے کو اطلاعات تک رسائی یقینی بنائیںگے۔ اس کیلئے چائنا ڈیلی ملٹی میڈیا کے ہوم پیج پر نچلے حصے میں جگہ مختص کی جائے گی۔ یہ جگہ میڈیا پارٹنر کے سیکشن سے نیچے ہوگی اور اس میں پاکستان کے قومی خبررساں ادارے (اے پی پی) کا لوگو اور اس کی طرف سے جاری کردہ تین آرٹیکل ہوںگے۔

فریقین نے اس طریقے سے پوری معلومات تک رسائی دینے سے بھی اتفاق کیا جس کے تحت اے پی پی اس ضمنی معاہدے پر دستخطوں کے دو ہفتے کے اندر اپنے ہوم پیج پر چائنا ڈیلی کے نام سے چائنا ڈیلی ملٹی میڈیا تک ایک انفرادی لاگن اور پاسورڈ کے ذریعے رسائی دے گی۔ یہ مخصوص ایریا اے پی پی کے ہوم پیج کی دوسری سکرین سے نیچے نہیں ہوگا اور دونوں فریقین اس مواد پر تبادلہ خیال اور بات چیت کر سکیںگے جو ایک فریق کی طرف سے فراہم کیا گیا ہو اور ایک فریق کو یہ فیصلہ کرنے کا حق حاصل ہوگا کہ وہ دوسرے فریق کے فراہم کردہ مواد کو استعمال کرے یا نہ کرے بشرطیکہ اس مواد کے حوالے سے کوئی خصوصی ضوابط موجود نہ ہوں۔

فریقین نے مواد کے حادثاتی طور پر ضائع ہونے یا چوری ہو جانے سے تحفظ کسی تیسرے فریق کی طرف سے ایسی کسی کوشش کو فوری رپورٹ کرنے اور مستقبل میں مواد کی چوری کی ایسی کسی کوشش کو روکنے کیلئے مل کر اقدامات اٹھانے پر بھی اتفاق کیا۔ معاہدے کے تحت ہر فریق کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ تعاون کی مخصوص ایریا کے لئے شامل کرنے کیلئے کسی خبر کا انتخاب کرے یا اسے اپ ڈیٹ کرے۔

منیجنگ ڈائریکٹر اے پی پی مسعود ملک نے ضمنی معاہدے کو اے پی پی کے دائرہ کار کو وسیع کرتے ہوئے انہیں چین اور دنیا کے دوسرے حصوں میں قارئین تک پہنچانے کے سلسلہ میںاہم پیشرفت قرار دیا۔ انہوں نے اس موقع پر ادارے کی طرف سے دیگر ممالک کے قومی خبررساں اداروں کے ساتھ ایسے معاہدوں کی صلاحیت کو بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا اور کہاکہ اس انٹرنیشنل کانفرنس کے موقع پر اے پی پی اپنی نیوز کوریج کو وسیع تر کرنے کیلئے مزید معاہدے متوقع ہیں۔

متعلقہ عنوان :