نواز شریف ملک کا غدار ہے ن لیگ ملک دشمن جماعت ہے ،پاکستان عوامی تحریک

نواز شریف کے اندر چھپا ہوا الطاف ملک و ملت کیلئے زیادہ خطرناک ہے ادارے فی الفور نوٹس لیں،مشتاق صدیقی ،رائو کامران

اتوار 13 مئی 2018 15:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) پاکستان عوامی تحریک کراچی سندھ کے صدر مشتاق صدیقی جنرل سیکرٹری رائو کامران محمود نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک کا غدار ہے اور ن لیگ ملک دشمن جماعت ہے ن لیگ پر پابندی اور نواز شریف پر غدار ی کا مقدمہ چلایا جائے ۔انھوں نے کہا سربراہ پاکستان عوامی تحریک ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے 2016میں ہی کہہ دیا تھا نواز شریف ملکی سالمیت کیلئے خطرہ ہے 2013کے الیکشن میں نواز شریف کو اقتدار میں لانے اور اپنے مذموم مقاصد کے حصول کیلئے بھارت سمیت کئی دوسرے پاکستان دشمن عناصر نے اپنا کردار ادا کیا ۔

ان قائدین نے کہا جب ڈاکٹر طاہر القادری نے حکمرانوں کی شوگر ملوں میں کام کرنے والے بھارتیوں کی نشاندہی کی تو اداروں نے آنکھیں کیوں نہیں کھولی اور تحقیقات کیوں نہیں کی۔

(جاری ہے)

سابق فوجی آمر جنرل پرویز مشرف پر غدار ی کا مقدمہ چلانے والے خود ملک دشمن اور ملک کے غدار نکلے ۔ان قائدین نے کہا کلبھوشن کے خلاف منہ نہ کھولنے والا نواز شریف نہ صرف پاکستان کا غدار ہے بلکہ کشمیریوں کے خون کے ساتھ بھی غداری کا مرتکب ہو اہے ۔نواز شریف نے پہلے بھی انڈیا میں جا کر اپنی ہی فوج کے خلاف تقریر کی تھی ان قائدین نے کہا نواز شریف کے اندر چھپا ہوا الطاف ملک و ملت کیلئے زیادہ خطرناک ہے ۔نواز شریف کے بیان کا ادارے فی الفور نوٹس لیں اور اسے گرفتار کیا جائے ۔