خبر رساں اداروں کے مابین اشتراک کار کے فروغ کیلئے اے پی پی کے زیر اہتمام 2 روزہ ’’انٹرنیشنل کانفرنس آف نیوز ایجنسیز‘‘ کا آغاز

چین، انڈونیشیا، آذربائیجان، ایران، رومانیہ، اومان، بلغاریہ، ترکی، مصر، قزاخستان، لبنان، سوڈان، تیونس، سعودی عرب اور شام سمیت 17 ممالک سے 22 مندوبین کی شرکت وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کانفرنس کا باقاعدہ آغاز کیا، قومی سلامتی کے مشیر ناصر خان جنجوعہ نے شرکاء کو بین الاقوامی اور علاقائی امن میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا پہلے سیشن میں سوشل میڈیا اور خبررساں اداروں کے کردار، دوسری نشست میں ڈیجٹیل دور میں خبر رساں اداروں کے کردار اور باہمی تعاون کے موضوع پر تبادلہ خیالات کانفرنس آج بھی جاری رہے گی، پہلی نشست میں چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور میڈیا کے کردار کے موضوع پر کلیدی مقررین اظہار خیال کریں گے، آخری نشست سہ پہر کو منعقد ہوگی

اتوار 13 مئی 2018 16:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) اقوام عالم میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور ذرائع ابلاغ کے میدان میں درپیش چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے خبر رساں اداروں کے مابین اشتراک کار کے فروغ کیلئے 2 روزہ ’’انٹرنیشنل کانفرنس آف نیوز ایجنسیز‘‘ (آئی سی این ای) اتوار کو شروع ہو گئی۔ کانفرنس میں چین، انڈونیشیا، آذربائیجان، ایران، رومانیہ، اومان، بلغاریہ، ترکی، مصر، قزاخستان، لبنان، سوڈان، تیونس، سعودی عرب اور شام سمیت 17 ممالک سے 22 مندوبین شریک ہیں۔

کانفرنس کا موضوع ’’پاکستان کا میڈیا: مواقع اور چیلنجز‘‘ ہے جس میں خبر رساں اداروں کیلئے ابھرتے ہوئے پیشہ وارانہ چیلنجز پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ کانفرنس کا اختتامی سیشن (آج) پیر کو ہوگا۔

(جاری ہے)

اتوار کو اقوام عالم میں پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے اور ذرائع ابلاغ کے میدان میں درپیش چیلنجوں سے نبرد آزما ہونے کیلئے خبر رساں اداروں کے مابین اشتراک کار کے فروغ کیلئی2 روزہ ’’انٹرنیشنل کانفرنس آف نیوز ایجنسیز‘‘ (آئی سی این ای) کا باقاعدہ آغاز ہوا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کانفرنس کا باقاعدہ آغاز کیا۔ مندوبین میں آذربائیجان سٹیٹ نیوز ایجنسی کی چیف کارسپانڈنٹ میلی کووا کیزی گونل، آذربائیجان کے ’’استقلال ڈاٹ اے زیڈ‘‘ کی ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ آف انفارمیشن ممادوا لاچن، بلغارین نیوز ایجنسی کی ڈائریکٹر ویڈیو نیوز بریانکا دمتروا، چائنہ ڈیلی ڈاٹ کام ڈاٹ سی این کی ڈپٹی ایڈیٹر انچیف لی جن، چائنہ ڈیلی ڈاٹ کام ڈاٹ سی این کی ڈپٹی ڈائریکٹر آف سٹرٹیجک کوآپریشن ڈیپارٹمنٹ لیو یوشا، مصر کی مڈل ایسٹ نیوز ایجنسی کے ایڈیٹنگ منیجر ردا سیّد احمد عباس الشیزلی، ایران کی اسلامک ری پبلک نیوز ایجنسی (ارنا) کے ایڈیٹر انچیف فردین پازویکی اور مہر نیوز ایجنسی کے ڈومیسٹک نیوز جنرل ڈائریکٹر محمد مہدی رحیمی، قزاخستان کی کازن فارن انٹرنیشنل نیوز ایجنسی کے جنرل ڈائریکٹر عسکر امروف، لبنان کی نیشنل نیوز ایجنسی کی جنرل ڈائریکٹر سلائیمان لاوری، اومان نیوز ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل و ایڈیٹر انچیف محمد الاریمی، رومانین نیشنل نیوز ایجنسی کی ڈپٹی جنرل ڈائریکٹر نیکولائی کلائوڈیا وکٹوریا، سوڈان کی سونا نیوز ایجنسی کے ایڈیٹر محمد عثمان، شام کی ثنا نیوز ایجنسی کے ہیڈ آف انگلش ڈیپارٹمنٹ محمد ماذن عیون، تیونیسین نیشنل نیوز ایجنسی کے ڈائریکٹر آف ایکسٹرنل ریلیشن ایلوئی چائوکی اور ترکی کی اناطولیہ نیوز ایجنسی کے انٹرنیشنل نیوز چیف ایڈیٹر فاروق توکات، انڈونیشیا کی ’’انتارا‘‘ نیوز ایجنسی کے سینئر نیوز ایڈیٹر ایلسوان ایزلی‘ سعودی عرب کی یونین آف او آئی سی نیوز ایجنسی کے نیوز ایڈیٹر الصادق بشیر بابا کیر ہارون‘یونان کی ایتھنز میسی ڈونین پریس ایجنسی کے صدر و چیف ایگزیکٹو میچل سائی لوس‘یو اے ای کے خبر رساں ادارے وام کے محمود انصاری شامل ہیں۔

پاکستان کی 70 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقد ہونے والی کانفرنس کے شرکاء کو ذرائع ابلاغ کے میدان میں عصر حاضر کے چیلنجوں پر غور و غوض اور اس حوالہ سے حکمت عملی وضع کرنے کا موقع ملا ہے۔ قومی سلامتی کے مشیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر خان جنجوعہ نے شرکاء کو بین الاقوامی اور علاقائی امن میں پاکستان کے کردار کے حوالے سے تفصیل سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سلائیڈز کے ذریعے پاکستان کے مختلف شعبہ جات میں حاصل ہونے والی کامیابیوں بالحصوص دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابیوں ‘ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا ۔

کانفرنس کے افتتاح کے بعد پہلا سیشن منعقد ہوا جس میں سوشل میڈیا اور خبررساں اداروں کے کردار پر خصوصی پینل کے اراکان اور مندوبین نے خیالات کا تبادلہ کیا۔ سینئر صحافیوں اور میڈیا پروفیشنلز پر مشتمل خصوصی پینل میں ضیاء الدین‘ ڈاکٹر جبار‘ مفتی جمیل احمد اور پروفیسر ظفر اقبال شامل تھے۔ شرکاء نے سوشل میڈیا کے مثبت اور منفی پہلوئوں پر گفتگو کرتے ہوئے اس سلسلے میں میڈیا کی ذمہ داریوں اور کردار پر روشنی ڈالی۔

پہلے روز کی دوسری اور آخری نشست میں ڈیجٹیل دور میں خبر رساں اداروں کے کردار اور باہمی تعاون کے موضوع پر سابق وفاقی وزیر اطلاعات جاوید جبار کی زیر صدارت سیشن منعقد ہوا جس میں سینئر صحافی منیر احمد‘ معظم ہاشمی اور شفیق احمد قریشی شامل تھے۔ آج (پیر ) کو کانفرنس کے دوسر ے اور آخری روزکی پہلی نشست میں چین اقتصادی راہداری (سی پیک) اور میڈیا کے کردار کے موضوع پر کلیدی مقررین اظہار خیال کریں گے۔کانفرنس کی آخری نشست کی سہ پہر منعقد ہوگی ۔