پنجاب بھر میں تیار مصالحہ جات کے معیار کی جانچ پڑتال کاکام (کل )سے شروع کیا جائے گا

اتوار 13 مئی 2018 16:30

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) پنجاب بھر میں تیار مصالحہ جات کے معیار کی جانچ پڑتال کاکام (کل ) منگل سے شروع کیا جائے گا ،غیر معیاری و مضر صحت مصالحہ ریسیپیز پر پابندی اور کمپنیز کو بھاری جرمانے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔پنجاب فوڈ اتھارٹی کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ مختلف کھانوں میں تیار مصالحہ جات کے معیار کو جانچنے کے لیے سیمپلنگ شیڈول کے مطابق (کل) منگل سے کمپنی نمائندگان کی موجودگی میں سیمپلنگ کا عمل شروع کر دیاجائے گا اور غیر معیاری و مضر صحت مصالحہ جات تیار کرنے والی کمپنیز کو بھاری جرمانے کیے جائیں گے ۔

پی ایف اے حکام نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ مصالحہ جات کی تیاری کرنے والی کمپنیز کے مصالحہ جات کے سیمپل حاصل کر کے دو سے تین مختلف ISO17025سرٹیفائیڈ اور پاکستان نینشنل ایکریڈیشن کونسل سے تصدیق شدہ لیبارٹریز میں بھجوائے جائیں گے اور لیبارٹری نتائج کی روشنی میں کارروائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ ماہرین کے مطابق بعض مصالحہ سازادارے کھانوں کے ذائقے کے لیے مبینہ طور پر ایسے کیمیکلز ان مصالحوں میں استعمال کرتے ہیں جو کہ انسانی جسم کے لیے انتہائی مضر ہوتے ہیں تاھم ان کیمیکلز کے اثرات بتدریج انسانی جسم پر اثر انداز ہوتے ہیں ۔

پی ایف ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ کھانوں میں استعمال ہونے والے مصالحہ براہ راست معدے پر اثر انداز ہوتے ہیں اس لیے ان کا معیاری ہونا ازحد ضروری ہے ۔اسی معیار کی جانچ پڑتال کے لیے فوڈ اتھارٹی نے عملی اقدامات شروع کر دیئے ہیں ۔سرکاری خبررساں ادارے کو دستیاب اطلاعات کے مطابق پہلے مرحلے میں پنجاب بھر میں مصالحوں کے نمونے حاصل کرنے کاکام شروع کیاجائے گا جبکہ دوسرے مرحلے میں غیر معیاری مصالحہ تیار کرنے والی کمپنیز کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :