رمضان المبارک کے لئے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل د ے دی گئی

ضلع بھر کی 2088 مساجد اور 87 امام بارگاہوں کی حفاظت کے لئی3500 پولیس اہلکار تعینات

اتوار مئی 16:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) راولپنڈی پولیس نے رمضان المبارک کے لیے فول پروف سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل د ے دی ،ضلع بھر میں 2088 مساجد اور 87 امام بارگاہوں کی حفاظت کے لیے رضاکاروں ،نجی سیکورٹی گارڈز سمیت 3500پولیس اہلکار فرائض سر انجام دیں گے ۔راولپنڈی پولیس کے ترجمان کے مطابق سٹی پولیس آفیسر کی خصوصی ہدایات پر راولپنڈی پولیس نے رمضان المبارک کے لیے فول پروف سیکورٹی انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور اس موقع پر مساجد ،امام بارگاہوں ،بازاروں اور دیگر عوامی مقامات کی خصوصی سیکورٹی کے اقدامات کیے گئے ہیں ۔

رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لیے مساجد کی سیکورٹی سمیت امام بارگاہوںکی حفاظت کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں ۔

(جاری ہے)

قومی خبر ایجنسی کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی پولیس کے تشکیل کردہ سیکورٹی پلان کے تحت شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر چیک پوسٹیں بھی بنائی جائیں گی اور مساجد و دیگر مذہبی اجتماعات کے موقع پر سیکورٹی یقینی بنانے کے لیے اضافی نفری تعینات کی جائے گی اور بروقت ردعمل کے لیے خصوصی کوئیک ریسپانس سکواڈز بھی تشکیل دیئے گئے ہیں ۔

شہر کی تمام مرکزی مساجد پر پولیس کے خصوصی دستے تعینات کیے جائیں گے اور نمازیوں کو ان مساجد کے صرف ایک ہی مرکزی داخلی دروازے سے داخلے کی اجازت ہو گی ۔اس موقع پر میٹل ڈیٹیکٹر اور واک تھرو گیٹس سے جامہ تلاشی بھی ہو گی اور کوئی بھی شخص جامہ تلاشی کے بغیر داخل نہیں ہو سکے گا ۔راولپنڈی پولیس کے ذرائع نے اے پی پی کو بتایاکہ رمضان المبارک میں بازاروں کی سیکورٹی کے لیے ایلیٹ فورس کے ساتھ ساتھ تاجروں کی مشاورت سے سادہ کپڑوں میں بھی پولیس اہلکار تعینات کیے جائیں گے جو کسی بھی مشتبہ سرگرمی پر نظر رکھیں گے ۔

رمضان المبارک میں مساجد اور امام بارگاہوں کے قریب گاڑی ،موٹر سائیکل و سائیکل وغیرہ کی پارکنگ کی اجازت نہیں دی جائے گی اور نہ ہی ریڑھی کھڑی کرنے کی اجازت دی جائے گی ۔۔پولیس ترجمان نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی پولیس دستیاب وسائل کے ساتھ رمضان المبارک میں مساجد ،امام بارگاہوں ،مذہبی مقامات اور بازاروں کی سیکورٹی کے بہترین انتظامات کرے گی ۔

اس موقع پر شہریوں کی حفاظت کے لیے تمام ممکنہ بہترین انتظامات کیے جائیں گے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ پولیس گشت کا نظام بھی مزید موثر کردیا گیاہے جبکہ رمضان المبارک میں لائوڈ سپیکر ایکٹ کی خلاف پر بھی کارروائی کی جائے گی ۔۔پولیس ذرائع نے بتایاکہ راولپنڈی پولیس نے رمضان سستے بازاروں اور دستر خوانوں کی سیکورٹی کے بھی فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں ۔رمضان بازاروں کی سیکورٹی پر عملدر آمد کا آغاز پیر سے کر دیا جائے گا ۔