عوام الیکشن میں مودی کی زبان استعمال کرنیوالوں کو نشانہ عبرت بنا دیں گے‘محمودا لرشید

کشمیر پر خاموش رہنے والے نوازشریف عالمی طاقتوں کے آلہ کار بن گئے، ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں

اتوار 13 مئی 2018 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمودالرشید نے کہا کہ عوام الیکشن میں مودی کی زبان استعمال کرنیوالوں کو نشانہ عبرت بنا دیں گے، کشمیر پر خاموش رہنے والے نوازشریف عالمی طاقتوں کے آلہ کار بن گئے، ملک میں انتشار پھیلا رہے ہیں، حالات کو مارشل لا کی طرف لے جایا جا رہا ہے، ڈان لیکس رپورٹ کو بھی منظر عام پر لایا جائے۔

سابق وزیراعظم کے متنازع انٹرویو پر اپنے شدید ردعمل میں میاں محمودالرشید نے کہا کہ نوازشریف نے ہوس اقتدار میں ملکی سالمیت پر حملے شروع کر دیئے، انکا بیان بیرونی ایجنڈے کا حصہ ہے جسکا مقصد ریاستی اداروں کو عالمی دبائو میں لانا ہے، انہوںنے کہا کہ حالات کو مارشل لا کی طرف لے جایا جا رہا ہے، نوازشریف کا بیا نیہ انتہائی خطرناک ہے، پہلی بھی کئی ایسی بیان بازی ہوتی رہی ہے سلسلہ نہ رکا ملک انتشار کا شکار ہو جائیگا اس لئے مطالبہ کرتے ہیں ڈان لیکس رپورٹ کو منظر عام پر لایا جائے اور ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا دی جائے۔

(جاری ہے)

میاں محمودالرشید نے کہا کہ نواز شریف نے ملکی اور عالمی سطح پر کبھی بھارتی جاسوس اور پاکستانیوں کے قاتل کلبھوشن یادیو کا نام نہیں لیا اب انہیں ممبئی حملے کے ٹرائل کا کیسے خیال آ گیا انہوں نے بیان پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پہلے ہی عالمی سطح پر تنہائی کا شکار ہے، ہمسایہ ملک اور اسلامی ملکوں سے تعلقات مثالی نہیں رہے، ایسے میں جب امریکہ ، اسرائیل اور بھارت نے پاکستان کیخلاف گٹھ جوڑ کر رکھا ہے ایسے میں نواز شریف کا بیان افسوسناک اور غیر ذمہ دارانہ ہے۔