گورنر سندھ محمد زبیر سے سی پی این ای کے نومنتخب عہدیداروں کی ملاقات

امن و امان ، جاری صورتحال، عام انتخابات ،جمہوریت کے تسلسل میں صحافت کے کردار اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال نو منتخب عہدیداروں کو مبارک باد، امید ہے نو منتخب عہدیدار ادارہ کو مزید فعال کرنے میں اہم کردار ادا کرینگے، گورنرسندھ

اتوار 13 مئی 2018 17:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) گورنر سندھ محمد زبیر سے گورنر ہائوس میں کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای )کے صدر عارف نظامی کی قیادت میں نو منتخب عہدیداران نے ملاقات کی ۔ ملاقات میں امن و امان ، جاری صورتحال ، عام انتخابات ، معاشی سرگرمیوں میں اضافہ سے عام آدمی پر اس کے اثرات ،جمہوریت کے تسلسل میں صحافت کے کردار اور اہمیت کے حامل دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

گورنرسندھ نے نو منتخب عہدیدارو ں کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ منتخب عہدیداراپنی صلاحیت سے ادارہ کو مزید فعال با الخصوص صحافت کو درپیش مسائل کے حل اور مشکلات کے خاتمہ میں اہم کردار ادا کرینگے ، نومنتخب عہدیداروسیع تجربہ ،قومی جذبہ اور بھرپور صلاحیتوں کے مالک ہیں جن کا انتخاب صحافتی پیشہ کے لئے اہم ثابت ہوگا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صحافت ریاست کا ستون اور جمہوری ادارو ں ،سماجی شعبہ جات اور عوامی فلاح وبہبود کے ضمن میں شروع ہونے والے منصوبوں میں شفافیت یقینی بنانے کے لئے بھرپور خدمات انجام دے رہا ہے، صحافت نے جمہوریت کے قیام ، تسلسل او ر استحکام میں بے پناہ قربانیاں دیں جو کہ قابل ستائش ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ ہماری تاریخ کے اہم ترین انتخابات ہونے والے ہیں جس میں شفافیت کے عمل کوہر صورت یقینی بنانے کے لئے متعلقہ اداروں ، اسٹیک ہولڈرز اور عوام کو اہم کردار ادا کرنا ہے اس ضمن میں صحافت کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا ہے ، افواہوں اور بے یقینی کے ماحول میں سرمایہ کاری پر انتہائی برے اثرات مرتب ہو تے ہیں جس سے قومی معیشت پر بھی گہرے منفی اثرات پڑتے ہیں جو کہ مستحکم معیشت ، قومی اتحاد اور پرامن فضا کے لئے انتہائی نقصان دہ ثابت ہوتے ہیں عوام کو درست حقائق سے آگاہ کرنا صحافت کی اولین ذمہ داری ہے ، اصل حقائق سے آگاہی سے ہی افواہوں اور بے یقینی کی صورتحال کو ختم کیا جا سکتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ 2013 ء میں عوام نے تین صوبوں میں مختلف سیاسی جماعتوں کو حکومت کا موقع فراہم کیا ،صوبوں کی کارکردگی کی بنیاد پرہی عوام 2018 ء میں اپنے نمائندوں کا انتخاب کرینگے یہ ایک اچھا اور ملک کے لئے بہتر موقع ہے کہ جب کارکردگی کی بنیاد پر عوام اپنے نمائندے منتخب کرینگے، مثبت مسابقتی ماحول پیدا ہونے سے ہی ملک وقوم کی ترقی و خوشحالی یقینی ہے۔

ملاقات میں نو منتخب سیکریٹری جنرل ڈاکٹر جبار خٹک،سینئر نائب صدر امتنان شاہد ، ایاز خان ، اکرام سہگل ، رحمت علی رازی ، طاہر فاروق، عارف صدیق بلوچ ، جوائنٹ سیکریٹری عامر محمود ، فنانس سیکریٹر ی حامد حسین عابدی ، اطلاعات سیکریٹر ی عدنان ملک ،ضیاشاہد ، محمد طاہر ، ایاز خان ، مظفر اعجاز ، سہیل دانش ، کاظم خان ، انور ساجدی ،بشیر احمد میمن ، عبد الخالق علی ، مقصود یوسفی اور دیگر ایڈیٹرز شامل تھے ۔