اداروں کے درمیان ٹکرائو قومی مفاد مین نہیں ، سابق وزیراعظم کا ممبئی واقعہ پر حالیہ بیان افسوس ناک اورملک دشمنی ہے،ممتازحسین سہتو

اتوار مئی 17:40

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکریٹری ممتاز حسین سہتو نے کہا کہ اداروں کے درمیان ٹکرائو قومی مفاد مین نہیں ہے، سابق وزیراعظم کا ممبئی واقعہ پر حالیہ بیان افسوس ناک ہے، بروقت وشفاف انتخابات کا انعقاد وقت کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے آج ایک بیان میں کہا کہ موجودہ ملکی بحران کا واحد حل غیرجانبدار نگران حکومت کاقیام اور صاف وشفاف انتخابات کے انعقاد میں مضمر ہے، تمام اداروں کو بھی اپنے اختیار میں رہ کر کام کرنا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ نااہل وزیراعظم کا ممبئی واقعات کے متعلق حالیہ بیان اداروں میں ٹکرائو اور ملک دشمنی کے مترادف ہے،اگر ان کو یہ سب معلوم تھا تو چار سال وزیراعظم رہنے کے وقت کیوں خاموش رہی صوبائی رہنماء نے کہا کہ سابق وزیراعظم کا سیکورٹی اداروں کیخلاف بیان قومی المیہ ہے، اس سے موصوف کی بھارت نوازی کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے،،پاکستان کے مفادات کیخلاف کام کرنے والے ملک کے مخلص نہیں ہوسکتے۔