غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن، 8غیر قانونی ڈھانچے مسمار ، 62جائیداد مالکان کو نوٹسز جاری

غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہ برتنے کا فیصلہ ، خلاف ورزی پرسختی کارروائی کی جائے گی

اتوار 13 مئی 2018 18:00

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن کے دوران 8غیر قانونی ڈھانچے مسمار جبکہ 62جائیداد مالکان کو نوٹسز جاری کر دیئے ۔اے پی پی کو دستیاب اعداد و شمار کے مطابق راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے شعبہ لینڈ نے اپریل میں غیر قانونی اور خلاف ضابطہ تعمیرات کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے غیر قانونی تعمیر کردہ 8عمارات کے ڈھانچے مسمار کردیئے اور 62جائیداد مالکان کو نوٹسز جاری کیے ۔

راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے ترجمان قیصر محمود نے سرکاری خبر رساں ادارے سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ کینٹ بورڈ انتظامیہ نے غیر قانونی تعمیرات کے خلاف آپریشن تیز کرتے ہوئے خلاف ضابطہ بغیر نقشہ تعمیرات میں ملوث افراد کو انتباہی نوٹس جاری کرنا شروع کر دیئے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایاکہ گذشتہ ماہ میں 80رہائشی اور 14کمرشل نقشوں کی منظوری دی گئی ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے اے پی پی کو بتایاکہ راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ نے گذشتہ تین ماہ کے دوران غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کو سیکشن 185اور سیکشن 256کے تحت 201نوٹسز جاری کیے اور 13غیر قانونی عمارات کو مسمار کیا گیا ۔قیصر محمود نے مزید بتایاکہ گذشتہ تین ماہ کے عرصہ میں کنٹونمنٹ بورڈ نے 241رہائشی اور 32کمرشل نقشوں کی منظوری دی ۔انہوں نے خبردار کیاکہ غیر قانونی تعمیرات میں ملوث افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعائت نہیں کی جا ئے گی اور خلاف ورزی کے مرتکب افراد کے ساتھ سختی سے نمٹا جائے گا۔