راجہ فاروق حیدر نیلم حادثہ کی خبر سنتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ،امدادی کاموں کی خود نگرانی کی، انتظامیہ سے پل پل کی رپورٹ طلب

المناک حادثے پر انتہائی غمزدہ ہوں ، متاثرہ افراد کو حکومت تمام تر مدد اور تعاون فراہم کرے گی، جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت

اتوار مئی 18:10

نیلم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم راجہ محمد فاروق حیدر خان نے نیلم حادثہ کی خبر سنتے ہی اپنی تمام مصروفیات ترک کر دیں اور فوری طور پر خود جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔ وزیراعظم نے امدادی کاموں کی خود نگرانی کی اور انتظامیہ سے پل پل کی رپورٹ طلب کی اس موقع پر قائمقام صدر شاہ غلام قادر ، انسپکٹر جنرل پولیس شعیب دستگیر ، کمشنر مظفرآباد چوہدری امتیاز ، ڈپٹی کمشنر مظفرآباد اور ڈپٹی کمشنر نیلم بھی ان کے ساتھ تھے۔

وزیراعظم نے اس موقع پر کہاکہ اس المناک حادثے پر انتہائی غمزدہ ہوں انہوں نے پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے امدادی کاموں کے لیے ہیلی کاپٹر فراہم کیے انہوں نے کہاکہ پاک فوج کے جوانوں نے سول انتظامیہ کے ساتھ مل کر امدادی کام فوری طور پرشروع کیے جس کی وجہ سے 11قیمتی جانیں بچا لی گئیںوزیراعظم نے وزیر اعلی پنجاب کے نام تعزیتی پیغام میں بھی جاں بحق افراد کی المناک موت پر تعزیت کا اظہار کیا اور کہا کہ حادثے میں متاثرہ افراد کو حکومت تمام تر مدد اور تعاون فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہار تعزیت کیا اور کہا کہ اس المناک حادثے پر ہر آنکھ پر نم ہے وزیراعظم نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ زخمی افراد کو بہترین طبی امداد فراہم کی جائیں۔ اس مقصد کے لیے انہوں نے اپنی گاڑی بھی انتظامیہ کو فراہم کر دی۔ دریں اثناء نیلم کے مقام پر پل ٹوٹنے کے حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد7 ہو گئی ہے جبکہ 9 افراد لاپتہ ہیں جن کی تلاش جاری ہے۔

فوری امدادی کاموں کی وجہ سے 11افراد کو بچا لیا گیا جن میں ابرار، ہمزہ، عدیل، ولید، زبیر، لاریب، انم، اقراء ، علینہ(ساہیوال میڈیکل کالج) ، ثناء میر اور علینہ(کپس) شامل ہیں۔ علاقے میں بارش کی وجہ سے امدادی کاموں میں رکاوٹ پیش آتی رہی لیکن پاک فوج کے جوان اور انتظامیہ مسلسل امدادی کاموں میں مصروف ہیں جس کی نگرانی خود وزیراعظم کر رہے ہیں۔

جاں بحق افراد میں ندیم ، شہزاد اور عبدالرحمن سعید کی شناخت ہو گئی۔دریں اثناء وزیراعظم نے متاثرہ طلبہ سے ملاقات کی انہوں نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ان طلباء و طالبات کو اپنے گھروں میں با حفاظت پہنچانے کے انتظامات کیے جائیں اور ان کے والدین کو ان کی خیریت سے آگاہ کیا جائے وزیراعظم نے ہسپتال کا دورہ بھی کیا اور زخمی طلباء کی عیادت کی اور انہوں نے ڈاکٹروں کو ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔ نیلم دریں اثناء وزیر اطلاعات راجہ مشتاق احمد منہاس بھی جائے حادثہ پر پہنچ گئے۔