نیب نے این آئی سی ایل کے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی کو گرفتار کرلیا

احتساب عدالت کراچی اور لاہور 2 ماہ کے اندر قانون کے مطابق فیصلہ کریں، ایاز خان نیازی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے،سپریم کورٹ کا حکم

اتوار مئی 18:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) سپریم کورٹ کے حکم پر نیب نے نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ (این آئی سی ایل)کے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی کو گرفتار کرلیا،،سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ احتساب عدالت کراچی اور لاہور 2 ماہ کے اندر قانون کے مطابق فیصلہ کریں، ایاز خان نیازی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے ۔ اتوار کو چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار اور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے این آئی سی ایل میں مبینہ کرپشن کیس کی سماعت کی۔

اس موقع پر این آئی سی ایل کے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی عدالت میں پیش ہوئے۔۔عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم ایف آئی اے کے مقدمات میں عدالتوں سے ضمانت پر تھا تاہم مقدمات ایف آئی اے سے نیب منتقل ہونے پر ضمانت غیر مثر ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

سپریم کورٹ نے کہا کہ اگر ایاز خان نیازی نیب عدالت سے ضمانت پر نہیں ہیں تو انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے جب کہ عدالت نے کرپشن کیس کے دوسرے کردار محسن حبیب وڑائچ کو بھی فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے۔

سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ احتساب عدالت کراچی اور لاہور 2 ماہ کے اندر قانون کے مطابق فیصلہ کریں اور سابق چیئرمین ایاز خان نیازی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔عدالتی احکامات کے بعد قومی احتساب بیورو(نیب)نے این آئی سی ایل کرپشن کیس میں ایاز خان نیازی کو گرفتار کرلیا۔