سپریم کورٹ نے پی آئی اے کو جہازوں سے قومی پرچم ہٹانے سے روک دیا

کیا ایک جانور جھنڈے کی جگہ لے گا‘حکومت نے پی آئی اے کو 20ارب کا بل آوٹ پیکج پی آئی اے کی بہتری کیلئے دیا ہے نہ کہ جہازوں کو پینٹ کرنے کیلئے‘کیا پی آئی اے منافع میں ہے جو ایسے کام کر رہی ہے‘چیف جسٹس کے ریمارکس میری پی آئی اے کی فلائٹ ڈیڑھ گھنٹہ لیٹ تھی کیا آپ تاخیر کی وجہ بتا سکتے ہیں چیف جسٹس کا ایم ڈی پی آئی سے مکالمہ جہاز کی مرمت تاخیر کی وجہ بنی‘ایم ڈی

اتوار 13 مئی 2018 18:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے قومی ایئر لائن پی آئی اے کو جہازوں سے قومی پرچم ہٹانے سے روک دیا۔چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثارنے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ حکومت نے پی آئی اے کو 20ارب کا بل آوٹ پیکج پی آئی اے کی بہتری کیلئے دیا ہے نہ کہ جہازوں کو پینٹ کرنے کیلئے۔کیا پی آئی اے منافع میں ہے جو ایسے کام کر رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان نے قومی ایئر لائن کیلئے سٹیکرتبدیل کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے پی آئی اے کو جہازوں سے قومی پرچم ہٹانے سے روک دیا۔سماعت کے دوران میاں محمد ثاقب نثارنے ریمارکس دیئے کہ جھنڈے کی جگہ ایک جانور کی تصویر لگائی جا رہی ہے،اس پر ایم ڈی پی آئی نے جواب دیا کہ مارخور قومی جانور ہے اس کی تصویر پینٹ کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

عدالت کا برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی بہتری کیلئے 20ارب کا بل آوٹ پیکج دیا گیا تھانہ کہ جہازوں کو پینٹ کرنے کیلئے۔کیا پی آئی اے منافع میں ہے جو ایسے کام کر رہی ہے۔چیف جسٹس نے ایم ڈی پی آئی سے استفسار کرتے ہوئے کہا کیا ایک جانور جھنڈے کی جگہ لے گا اس کے پینٹ ہونے پر کتنی لاگت آئے گی،انکا جواب تھا کہ ایک جہاز پر لاگت 27لاکھ آئے گی، اور ہر جہاز کو 4سال بعد دوباہ پینٹ کرنا ہوتا ہے۔

چیف جسٹس نے مزید کہا کہ لاگت 27لاکھ نہیں 34لاکھ ہے۔میاں محمد ثاقب نثار نے ایم ڈی پی ائی اے سے سوال کیا کہ میری پی آئی اے کی فلائٹ ڈیڑھ گھنٹہ لیٹ تھی کیا آپ تاخیر کی وجہ بتا سکتے ہیں ایم ڈی کا کہنا تھاکہ جہاز کی مرمت تاخیر کی وجہ بنی۔سپریم کورٹ نے پی آئی اے کو جہازوں سے قومی پرچم ہٹانے سے روکتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔