فرانس ، داعش کے شدت پسند کا سیاحوں پر چاقو سے حملہ، 1 شخص ہلاک اور 5 زخمی

پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، پیرس پولیس حکام

اتوار 13 مئی 2018 18:20

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) فرا نس میں داعش کے ایک شدت پسند نے چاقو سے حملہ کرکے ایک شخص کو ہلاک اور 5 کو زخمی کردیا جب کہ پولیس کی فائرنگ سے حملہ آور بھی مارا گیا۔غیرملکی میڈیا کے مطابق فرانس کے دارالحکومت پیرس میں نامعلوم حملہ آور نے چاقو سے حملہ کرکے ایک شخص کو ہلاک جبکہ 5 کو زخمی کردیا۔

(جاری ہے)

پیرس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پیرس کے ضلع اوپرا میں زیادہ تر لوگ مختلف ممالک سے گھومنے پھرنے کی غرض سے آتے ہیں، اور حملہ آور نے بھی سیاحوں کو نشانہ بنایا، پولیس اہلکاروں نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے فائرنگ کر کے حملہ آور کو ہلاک کردیا۔

مارے جانے والے شخص کی شناخت نہیں ہوسکی، تاہم شدت پسند تنظیم داعش نے واقعے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے۔حکام کے مطابق زخمی ہونے والے پانچوں افراد کی حالت تشویشناک ہے۔ عینی شاہدین نے بتایا کہ حملہ آور نے حملے سے قبل اللہ اکبر کا نعرہ لگایا، جس کے بعد بھگڈر مچ گئی جس کے نتیجے میں حملہ آور اپنے اہداف کو آسانی سے نشانہ بناتا رہا، پولیس اہلکاروں نے حملہ آور کو ٹیزر گن کے ذریعے پکڑنے کی کوشش کی تاہم ناکامی پر فائرنگ کی، حملہ آور کو 2 گولیاں لگیں اور وہ موقع پر ہی ہلاک ہوگیا۔