ایئربلیو حادثہ معاوضہ ادائیگی کیس،سپریم کورٹ نے 136 متاثرین کی تفصیلات طلب کر لیں

متاثرین کوصرف امداد نہیں مارک اپ بھی دلوائیں گے،چیف جسٹس ثاقب نثار کے ریمارکس

اتوار 13 مئی 2018 18:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) سپریم کورٹ نے ایئربلیو حادثہ معاوضہ ادائیگی کیس میں136 متاثرین کو دیے گئے معاوضے کی تفصیلات طلب کر تے ہوئے سماعت جون کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی، چیف جسٹس ثاقب نثار نے اپنے ریمارکس میں کہا کہ متاثرین کوصرف امداد نہیں مارک اپ بھی دلوائیں گے ۔ اتوار کو چیف جسٹس آف پاکستان میاں محمد ثاقب نثار نے ایئربلیو حادثہ معاوضہ ادائیگی کیس کی سپریم کورٹ میں سماعت کی۔

(جاری ہے)

وکیل ایئربلیو نے عدالت کے روبرو پیش ہو کر سانحہ ایئربلیو متاثرین کے امدادی چیک عدالت میں پیش کئے اور موقف اختیار کیا کہ متاثرین کوفی کس 50 لاکھ کی امداد دی ہے ان کا مزید کہنا تھا کہ بقیہ 10متاثرین کے چیک عدالت میں پیش کردیے ہیں۔سپریم کورٹ نے اپنے ریماکس میں کہا کہ متاثرین کوصرف امداد نہیں مارک اپ بھی دلوائیں گے۔چیف جسٹس نے ایئربلیو کی136 متاثرین کو دیے گئے معاوضے کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے سماعت جون کے دوسرے ہفتے تک ملتوی کر دی۔