پاکستان کے خلاف پہلی ٹیسٹ اننگز کے بعد کرکٹ چھوڑنے کا سوچنے لگا تھا،ٹنڈولکر

اتوار 13 مئی 2018 18:20

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) عالمی شہرت یافتہ سابق بھارتی بلے باز سچن ٹنڈولکر نے انکشاف کیا ہے کہ کراچی میں پاکستان کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد انہوں نے کرکٹ چھوڑنے کے بارے میں سوچنا شروع کر دیا تھا۔ایک انٹرویو کے دوران گفتگو کرتے ہوئے عظیم بلے باز نے کہا کہ کراچی میں پاکستان کے خلاف اپنی پہلی اننگز کے بعد انہیں لگا کہ یہ ان کے کیریئر کی آخری اننگز ہے کیونکہ وہ بالکل بھی ایڈجسٹ نہیں کر پا رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ میری زندگی کی پہلی اننگز کراچی میں تھی۔ مجھے لگا کہ یہ میری پہلی اور آخری اننگز ہو گی۔ پہلے میچ میں مجھے کچھ سمجھ نہیں آ رہا تھا۔ ایک اینڈ سے وقار یونس بالنگ کر رہے تھے اور دوسرے اینڈ سے وسیم اکرم بھرپور فارم میں تھے۔

(جاری ہے)

اور ان کی گیند ریورس ہونا شروع ہو چکی تھی، وہاں کھیلنے کے دوران میں بالکل ایڈجسٹ نہیں کر پا رہا تھا۔

انہوں نے کہا کہ جب میں اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بتایا کہ میں کرکٹ چھوڑنے کے بارے میں سوچ رہا ہوں تو انہوں نے مجھے مشورہ دیا کہ میں خود کو کچھ وقت دوں کیونکہ یہ انٹرنیشنل کرکٹ ہے اور میں دنیا کے بہترین بالنگ اٹیک کا سامنا کر رہا تھا تاہم اس میچ کی دوسری اننگز میں 59 رنز اسکور کیے جس کے بعد میں نے خود کو شاباش دی۔ انٹرویو کے دوران سچن ٹنڈولکر نے ایک اور انکشاف کیا کہ مہندرا سنگھ دھونی سے گفتگو کے دوران انہیں اندازہ ہوا کہ دھونی کے اندر قائدانہ صلاحیت موجود ہے۔