حکومت پاکستان کی جانب سے لیپہ کرناہ ٹنل تعمیرکے میگا پراجیکٹ کو وفاقی بجٹ میں شامل کرنے پراظہار تشکر

آزاد کشمیر کے بجٹ میں فنڈز مختص کرنے کا پرزورمطالبہ

اتوار 13 مئی 2018 18:20

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) حکومت پاکستان کی جانب سے لیپہ کرناہ ٹنل تعمیرکے میگا پراجیکٹ کو وفاقی بجٹ میں شامل کرنے پراظہار تشکراورآزاد کشمیر کے بجٹ میں فنڈز مختص کرنے کا پرزورمطالبہ ،این ایچ اے اور محکمہ تعمیرات عامہ کے ماہرین پرمشتمل ٹنل ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام اور سنگ بنیادوزیراعظم آزاد کشمیرراجا فاروق حیدرخان، چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے رکھوانے کی تجویز پیش کر دی ، جبکہ 19 نکاتی چارٹرآف ڈیمانڈپرخاطر خواہ پیش رفت نہ ہونا پر تحفظات کا اظہار کردیا ، لیپہ ٹنل کی تعمیرکے لئے ہونے والی کاروائیوں کے پیش نظرممبر اسمبلی حلقہ نمبر 6 ڈاکٹر مصطفی بشیر کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا ۔

50 بستروں کا ہسپتال ،گائنا کالوجسٹ ، میڈیکل آفیسرز، سائنس کلاسز کا اجراء ،ادویات کی فراہمی ، نامکمل تعلیمی اداروں کی تکمیل ، مین بازار لیپہ آتش زدگی میں ہونے والے تاجروں کے نقصانات ، وزیراعظم کے سید پورہ جلسہ میں کئے گئے اعلانات پرعملدرآمد کروانے ، سڑکوں کی تعمیر ، جنگلات کی سمگلنگ اورکٹائی پر قابوپانے میں ناکامی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری طورپر دیرینہ جائز حل طلب مطالبات پر عملدرآمد کویقینی بنانے کی ضرورت پرعوامی مفاد قرار دیا گیا ، گزشتہ روز سنٹرل پریس کلب میں آل پارٹیز الائنس لیپہ کرناہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں سینئر قانون دان عبدالرشید کرناہی ، سابق میڈیا ایڈوائزر شوکت جاوید میر ، خواجہ عبدالصمد ،منصور عالم قریشی ،عبدالرحمان اعوان، ذاکر منظوراعوان ایڈووکیٹ ، صوبیدار منیر احمد مغل، جمیل حمید جنجوعہ ، محمد حفیظ ، عبدالرشید چغتائی ، میرمحمد فاروق ، غلام ربانی ، شیخ ساجد مقبول ایڈووکیٹ ، قمرالحق قریشی ،محمد اشفاق ماگرے ، محمد صدیق ، آصف معروف ، مجیب الرحمان شیخ ، محمد حنیف کے علاوہ مختلف مکاتب فکرکے نمائندوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں لیپہ ٹنل کا سنگ بنیاد رکھ کر آزاد کشمیر کے بجٹ میں فنڈز مختص کرنے کا مطالبہ کیا گیا ، اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید کرناہی نے کہا کہ لیپہ ٹنل کا منصوبہ ہماری آنے والی نسلوں کی خوشحالی اورہماری جدوجہد کی زندگی موت سے تعبیر ہے لہذا وفاقی بجٹ میں اعلان کے مطابق اس کا سنگ بنیاد رکھ کرماہرین پر مشتمل اتھارٹی قائم کی جائے ،شوکت جاوید نے کہا کہ 19 نکاتی چارٹر آف ڈیمانڈ پر توجہ نہ دینے سے عدم اعتماد کی فضاء پیدا ہورہی ہے جس کے لئے حکومت نے وعدے اورممبر اسمبلی ڈاکٹرمصطفی بشیر نے آل پارٹیز کے نمائندہ وفد سے ملاقات میں اتفاق کررکھا ہے ، لیپہ ٹنل کا سنگ بنیاد وزیراعظم راجا فاروق حیدر خان اورچیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ مشترکہ طور پررکھتے ہوئے قومی منصوبے پر بریک تھروکریں ،خواجہ عبدالصمد نے کہا کہ اجتماعی مسائل کے لئے سیاسی نظریاتی تعلقات سے بالا ترہو کر اپنی عوام کی خدمت کرنی ہے جس کیلئے ہم ہروقت تیار ہیں ، منصورعالم قریشی نے کہا ہم اچھے کام کی تعریف اور غفلت برتنے پر توجہ دلائو کی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے ہم کسی پر بلاجواز تنقید بھی نہیں کرتے اور بے جا تعریف کے قائل نہیں جو لیپہ کرناہ کے بنیادی مسائل حل کرئے گا اس کی ڈنکے کی چوٹ پر ساتھ دیں گے ۔

عبدالرحمان اعوان، ذاکرمنظورایڈووکیٹ ، ساجد مقبول ، اشفاق ماگرے نے کہا کہ ٹنل کے منصوبہ کے لئے لازوال جدوجہد کرنے پر لیپہ کرناہ کے غیور عوام کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں اس موقع پر ایک متفقہ قرارداد میں وفاقی و آزاد کشمیر حکومت بہادر افواج پاکستان ،بیوروکریسی ، الیکٹرانک پرنٹ میڈیا ، سول سوسائٹی ، سنٹرل پریس کلب کی انتظامیہ اور ممبرقانون ساز اسمبلی ڈاکٹرمصطفی بشیر کی کوششوں کو شاندار الفاظ میں سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا اور اب بھی حائل رکائوٹیں دورکرنے میں متفقہ حکمت عملی کے ذریعے جدوجہد جاری رکھنے کا عزم کیا گیا ، اجلاس کے اختتام پر میڈیکل کالج لاہورکے طلباء کو درپیش المناک حادثے میں جان بحق ہونے والوں کے درجات کی بلندی اورپسماندگان کو صبرجمیل عطا کرنے اورپاکسان کی خوشحالی ، کشمیر کی آزادی اوراجتماعی اتفاق و اتحاد کے لئے اللہ تعالی کے حضور دست دعا بلند کیے ، جبکہ اس موقع پرشوکت جاوید میر نے سیاسی رہنمائوں کی طرف سے ان کی حوصلہ افزائی کرنے پر بھی خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے رہنمائی کرنے کی درخواست کی ۔

اجلاس میں سابق وزراء اعظم چوہدری عبدالمجید ، سردار عتیق احمد خان، بیرسٹرسلطان محمود ، جماعت اسلامی کے امیر انجینئر خالد محمود ، جموں وکشمیر پیپلزپارٹی کے صدر خالد ابراہیم سابق وزراء چوہدری محمد رشید ، دیوان علی خان ،رفاقت اعوان، محمد عارف مغل کے جاندار کردار کو بھی ہدیہ تبریک پیش کیا گیا۔