نوجوان کسی بھی تحریک کے لازمی جزو ہیں ‘اس لیے نوجوان اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیریوں کو بھارت سے آزادی دلوانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں ‘آج سوشل میڈیا کی افادیت و انفرادیت سے انکار ممکن نہیں‘آزاد کشمیر کی ترقی پر حکومت کا فوکس ہے اور آمدہ دنوں میں ترقیاتی عوامل میں مزید بہتری نظر آئے گی

قائمقام صدر آزاد کشمیر شاہ غلام قادر کا تہجیاں کے مقام پر استقبالیہ تقریب سے خطاب

اتوار 13 مئی 2018 18:20

نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) تحریک آزادی ء کشمیر اولین ترجیح ہے نوجوان سوشل میڈیا کے ذریعے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو اقوام عالم پر آشکارہ کریں۔ ان خیالات کا اظہار قائمقام صدر آزاد کشمیر شاہ غلام قادر جو کہ نیلم کے چار روزہ دورہ پر ہیںنے تہجیاں کے مقام پر استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اُنہوں نے کہا کہ نوجوان کسی بھی تحریک کے لازمی جزو ہیں اس لیے نوجوان اپنی تعلیم کے ساتھ ساتھ سوشل میڈیا کے ذریعے کشمیریوں کو بھارت سے آزادی دلوانے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں کیونکہ آج سوشل میڈیا کی افادیت و انفرادیت سے انکار ممکن نہیں۔

قائمقام صدر آزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر کی ترقی پر حکومت کا فوکس ہے اور آمدہ دنوں میں ترقیاتی عوامل میں مزید بہتری نظر آئے گی اور اس سے ہر ایک مستفید ہو گا کیونکہ روڈز اور دیگر ذرائع رسل و رسائل میں ترقی و بہتری سے ہر ایک مستفید ہوتا ہے یہ کسی خاص طبقہ کے لیے نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے مزید کہا کہ وادیء نیلم میں پینے کے پانی کا شدید مسئلہ تھا جس کی وجہ سے خواتین کو دور دور سے پانی اُٹھاکر لانا پڑتا تھا اب پانی کا مسئلہ ختم ہونے کے قریب ہے ۔

اُنہوں نے کہا کہ سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات بہم پہنچانا بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے کیونکہ کشمیر کے قدرتی حسن کے ساتھ ساتھ جب سیاحوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات ملیں گی تو وہ زیادہ سے زیادہ کشمیر کا رُخ کریں گے۔مین روڈ کے ساتھ ساتھ لنک روڈز بھی بنائیں گے تاکہ متبادل روڈ موجود ہو۔ اُنہوں نے اپنے خطاب کے دوران کہا کہ سکولز کالجزاور ہاسپٹلز کی تکمیل سے مزید آسانیاں پیدا ہونگی۔

قائمقام صدر آزاد کشمیر نے پُرتپاک استقبال پر تہجیاں کے عوام کاشُکریہ ادا کیا۔قائمقام صدر شاہ غلام قادر کی دودھنیال کے مقام پرعوامی وفود سے ملاقاتیں ہوئیں اور موقع پر مسائل کے حل کے احکامات جاری کیے گئے۔اُنہوں نے کنڈل شاہی کے مقام پر پُل ٹوٹنے کے المناک حادثے سیاحوں کی ہلاکت پر دلی دُکھ و افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دُعا کی کہ اللہ تعالیٰ اُن کے درجات بلند اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔دریں اثناء قائمقام صدرآزاد کشمیر شاہ غلام قادر نے حبیب اللہ فاریسٹ گارڈ اور منڈکرو میں صوبیدار شیراز کی اہلیہ کی وفات پر فاتح خوانی کی۔