ٹیسٹ کرکٹ، پاکستان نے آسٹریلیاکا عالمی ریکارڈ برابرکرڈالا

پاکستان نے آئرلینڈ کیخلاف ٹیسٹ کھیل کر زیادہ ممالک کیخلاف ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا آسٹریلیا کا ریکارڈ برابر کردیا

اتوار 13 مئی 2018 18:20

ڈبلن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 مئی2018ء) ڈبلن کے مقام پر میزبان آئرلینڈ کے پہلے تاریخی ٹیسٹ کا حصہ بن کرپاکستان کرکٹ ٹیم جہاں کئی اور اعزازات پاچکی ہے،وہیں اس نے سب سے زیادہ ممالک کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا آسٹریلیا کا ریکارڈ برابر کردیاہے۔دونوں ٹیموں کو اب دس مختلف ٹیموں کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے کا اعزاز حاصل ہوگیاہے ۔

آسٹریلوی ٹیم نے اپنی تاریخ کے 9ٹیسٹ دیگر ممالک کے خلاف جبکہ ایک آئی سی سی ورلڈالیون کے خلاف کھیلا ہے۔مجموعی طورپر پاکستان اور آسٹریلیانے دس،دس(بشمول آئی سی سی ورلڈالیون)،انگلینڈ، نیوز ی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا، ویسٹ انڈیز، بھارت، بنگلہ دیش اور زمبابوے نے 9،9 جبکہ آئی سی سی ورلڈالیون اور آئرلینڈ نے صرف ایک ٹیم(آسٹریلیا)کے خلاف ٹیسٹ کرکٹ کھیلی ہے۔

(جاری ہے)

آئرش سرزمین پر تاریخ کا پہلا ٹیسٹ میچ کھیل کر پاکستان ٹیم سب سے زیادہ ممالک میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی ٹیم بن گئی ہے جو اب 12مختلف ممالک میں طویل فارمیٹ کے میچز کھیلنے کا اعزاز پاچکی ہے جس نے گیارہ ٹیسٹ نیشن ممالک کے علاوہ یواے ای میں بھی کافی ٹیسٹ کرکٹ کھیلی ہے۔وہ اپنی سرزمین سمیت بارہ مختلف ممالک میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلنے والی واحد ٹیم بن گئی ہے۔پاکستان کے بعد آسٹریلیا ،انگلینڈ،نیوزی لینڈ، سر ی لنکا، جنوبی افریقہ، ویسٹ انڈیز نے گیارہ،گیارہ ، بھارت، بنگلہ دیش نے دس، دس ، زمبابوے نے 9جبکہ آئی سی سی ورلڈالیون اور آئرلینڈ نے تاحال صرف ایک ملک میں ٹیسٹ کرکٹ کھیلی ہے۔