Live Updates

مسلم لیگ (ن) ، پی پی پی ، ایم ایم اے اور اے این پی کے ادوار عوام کو اچھی طرح یاد ہیں،محمود خان

عام انتخابات قریب آتے ہی ضمیر فروش سیاستدانوں نے سودے شروع کر دئیے ہیں ،وزیرکھیل خیبرپختونخوا

اتوار 13 مئی 2018 18:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) خیبرپختونخوا کے وزیر آبپاشی و کھیل اور پاکستان تحریک انصاف ملاکنڈ ریجن کے صدر محمود خان نے کہا ہے کہ عام انتخابات قریب آتے ہی ضمیر فروش سیاستدانوں نے سودے شروع کر دئیے ہیں تاہم عوام بیدار اور ان کے سیاہ کاریوں سے بخوبی واقف ہو گئے ہیں ، مسلم لیگ (ن) ، پی پی پی، ایم ایم اے اور اے این پی کے ادوار عوام کو اچھی طرح یاد ہیں ، باریاں بدلنے والوں نے ملک کی بدنامی اور عوام کی رسوائی کے سیوا کچھ نہیں کیا ،سیاسی ڈاکوئوں کو صرف اپنی مفادات عزیز ہیں عوام اور ملک کی ترقی سے ان کا کوئی سروکار نہیں ،بے ضمیر سیاستدان صرف اپنی مفادات کی خاطر عوام اور ملک دونوں کی سودے بازی سے بھی گریز نہیں کررہے ہیں لیکن چور اور لٹیرے یاد رکھیں کہ ان کی منفی سیاست کا دور ختم ہو چکا ہے اور وہ کبھی بھی دوبارہ اقتدار میں نہیں آئیں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوخارہ ایچکنی مٹہ سوات میں ایک شمولیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجتماع سے تحصیل مٹہ کے ناظم عبدالله خان ، نائب ناظم محمد حکیم خان ، ضلعی کونسلر خیرات محمد نے بھی خطاب کیا ۔ اس موقع پر مسلم لیگ (ن) اور اے این پی کے اہم اور دیرینہ کارکنان جن میں امان الله ، صاحب جان ، طالب جان ، خیواگر ، تاج محمد ، فضل محمد ، محمد اسحاق ، دلبر ماما ، میاں جان اور مجیب گل نے اپنے اپنے خاندانوں اور ساتھیوں سمیت اپنی پارٹیوں سے تعلقات توڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہو گئے ۔

محمود خان نے کہا کہ عوام باریاں بدلنے والوں سے مایوس اور بے زار ہیں ماضی میں انہوں نے عوام کے حقوق ہڑپ کئے ، دور دراز علاقو ں کی پسماندگی اور غربت کے خاتمے سے ہمیشہ افل رہیں ، ملک میں بدامنی اور ناانصافی کا بازار گرم تھا ان مسائل کے حل پر کسی کا دھیان نہیں تھا ۔ محمود خان نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنمائوں نے عمران خان کی سربراہی میں خیبر پختونخوا کی اقتدار سنبھالتے ہی مایوس اور پسے ہوئے عوام کے زخموں پر مرحم لگانا شروع کیا اور آہستہ آہستہ ان کا اعتماد حاصل کرکے یقین دہانی کی کہ پی ٹی آئی ملک کی ترقی اور عوام کے حقوق کی بحالی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی اور ہر حال میں ان کے حقوق دلاکر دم لے گی ۔

محمود خان نے کہا کہ ہمارے مثبت اقدامات سے عوام کی ایک ایک پائی ان کی فلاح و بہبود پر خرچ کی گئی ہے اور اقتدار سے پہلے عوام سے جتنے وعدے کئے تھے ان کو احسن طریقے عملی جامہ پہنایا ۔ محمود خان نے کہا کہ میں نے اپنے حلقہ نیابت میں 15،ارب روپے سے زیادہ کے ترقیاتی کام کئے ہیں جن میں ایک ہزار بجلی کے ٹرانسفارمرز ، پانچ ہزار بجلی کے کھمبے ، بجلی کے تین نئے فیڈرز ، 25آبنوشی کے ٹیویلز ، سیلاب سے بچائو کے پشتے ، ایریگیشن چینلزاور 245کلومیٹر مختلف لنکس روڈ شامل ہیں مکمل کئے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے پورے خلوص کے ساتھ عوام کی خدمت کی ہے اور اپنی کارکردگی کی بنیاد پر آئندہ الیکشن میں پورے ملک میں کلین سویپ کریں گے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات