الخدمت خواتین فیئر پرائس شاپ کا افتتاح

فیئر پرائس شاپ میں بچوں ،خواتین کے کپڑے ،برتن اور گھریلو استعمال کی اشیاء مناسب قیمت میں دستیاب ہونگی

اتوار 13 مئی 2018 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) الخدمت کراچی خواتین کے تحت فیئر پرائس شاپ کا افتتاح کر دیا گیا ،فیئر پرائس شاپ کا افتتاح جماعت اسلامی پاکستان خواتین کی جنرل سیکرٹری دردانہ صدیقی نے کیا ۔فیئر پرائس شاپ میں بچوں ،خواتین کے کپڑے ،دلہن کے ملبوسات ،برتن و دیگر گھریلوں اشیاء مناسب قیمت پر دستیاب ہونگی ۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے دردانہ صدیقی نے کہا کہ الخدمت نبی مہربان ﷺ کی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے انسانیت کی خدمت کر رہی ہے ،اور اس فیئر پرائس شاپ کا قیام بھی اسی وجہ سے کیا گیا ہے تاکہ کم آمدنی والے افراد بھی نہایت مناسب قیمت پر اپنی ضرورت کی اشیاء با آسانی خرید سکتے ہیں انھوں نے کہا کہ الخدمت خواتین کا یہ اقدام قابل تحسین ہے ۔

الخدمت پورے پاکستان میں بلکہ اور کئی ممالک میں دکھی انسانیت کی جس طرح خدمت کر رہی ہے وہ اپنی مثال آپ ہے ۔

(جاری ہے)

سات شعبہ جات میں اپنی خدمات جاری رکھتے ہوئے الخدمت پاکستان کی سب سے بڑی فلاحی تنظیم بن گئی ہے ،اور اس وقت رضاکاروں کی سب سے بڑی تعداد الحمد اللہ الخدمت کے پاس ہی ہے ۔ملک میں کسی بھی نا گہانی آفات کی صورت میں الخدمت فلاحی سرگرمیوں میں اول دستہ کا کام کر تی آئی ہے ۔

انھوں نے امید ظاہر کی کہ اس طرح کی مزید شاپ کا انعقاد کراچی بھر میں کیا جائے گا ۔صدر الخدمت کراچی خواتین منور اخلاص نے کہا کہ خواتین کے لئے کاٹیج انڈسٹری ان کو معاشرے میں ایک باعزت مقام دلانے کے لئے قائم کئے گئے ہیں ۔جو خواتین اپنے گھر والوں کا سہارا بنا چاہتی ہیں ہم ان کو ایک باعزت روزگار دلانے میں ان کی مدد کرتے ہیں اور پہلے مرحلے میں انھیں سلائی کڑاہی سکھا کر ان کو ہنر مند بنایا جاتا ہے تاکہ وہ چار دیواری میں اپنی عزت مجروح کئے بغیر ایک باعزت روزگار شروع کر سکے ۔انھوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی ہے کہ الخدمت کے ساتھ تعاون کریں تاکہ اس طرھ کے مزید پروجیکٹ شہر بھر مین قائم کئے جا سکے ۔