ملک بھر کے فائر فائٹرز کو انکے جائز اور قانونی حقوق دیئے جائیں ، چیئرمین آل پاکستان فائر اینڈ ریسکیو ورکرز ایسوسی ایشن

اتوار 13 مئی 2018 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) آل پاکستان فائر اینڈ ریسکیو ورکرز ایسوسی ایشن کے مرکزی چیئرمین ملک غلام محمد ناز (صدارتی تمغہ امتیاز) اور جنرل سیکریٹری سیدذوالفقارشاہ نے کہا ہے کہ ملک بھر کے فائر فائٹرز کو انکے جائز اور قانونی حقوق دیئے جائیں ۔یونیفارم ،بہتر رہائش ،علاج معالجے ،اوورٹائم کی سہولت فراہم کی جائے ۔

فائر فائٹرز بلدیاتی اداروں میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت کے ساتھ ساتھ پاک فوج کے بعد دوسرے دفاعی لائن کا حصہ ہیں ۔لیکن صوبہ سندھ کے فائر فائٹرز نہ تو یونیفارم فراہم کیا جارہا ہے نہ ہی حادثے کے دوران زخمی ہونے پر انہیں علاج معالجے کی سہولت حاصل ہے اسی طرح دوران ڈیوٹی انتقال کرجانے یا جام شہادت نوش کرنے پر انکے اہل وعیال کو فوج پولیس کی طرح کوئی سہولت دی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

قانونی ورثاء کو واجبات کی وصول کے لیے پہلے کاغذات کی تکمیل بعدازاں کاغذات مکمل ہونے کے بعد واجبات کی ادائیگی کے لیے دربدر کی ٹھوکریں کھانی پڑتی ہیں ۔سکھر ،لاڑکانہ اور دیگر شہریوں کے فائر فائٹرز کو کافی عرصے اوورٹائم ادانہیں کیا جارہا ہے جبکہ کراچی جیسے انٹرنیشنل شہر میں بھی فائر فائٹرز 10ماہ کے فائر رسک الائونس کی ادائیگی سے محروم ہونے کے باوجود دن رات آگ بجھانے کی کاروائی میں معروف ہیں ۔انہوں نے صدر پاکستان ،وزیراعظم پاکستان ،چاروں صوبائی وزرائے اعلیٰ سے مطالبہ کیا ہے کہ ملک بھر کے فائرفائٹرز کو انکے جائز اور قانونی حقوق اور مراعات دی جائیں ۔انہیں پاک فوج پولیس کی طرح ریلیف اور ڈیتھ پیکج دیا جائے ۔