کراچی سٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد اسلم خان نے چوتھے کراچی بیچ گیمز کا افتتاح کردیا

آئندہ سال دنیا کے پانچ ممالک ان گیمز میں شرکت کریں گے ۔ایشین سیپک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے صدر عبد العلیم کا اعلان

اتوار 13 مئی 2018 18:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) کراچی سٹی اسپورٹس ایسوسی ایشن کے صدر محمد اسلم خان نے چوتھے پیزا ہٹ کراچی بیچ گیمز کا رنگا رنگ تقریب میں افتتاح کیا۔اس موقع پر کبوتراورغبارے فضاء میں چھوڑے گئے جبکہ تقریباً 800سے زائد کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی۔اس موقع پر ایشین سیپک ٹاکرا ایسوسی ایشن کے صدر عبد العلیم کے سی ایس اے کے چئیرمین غلام محمد خان،سیکریٹری خالد رحمانی ، میڈیا کو آرڈینیٹر ایم نسیم، ایس بی بی اے کے صدر انجئنیر محسن خان کے علاوہ احمد علی راجپوت، وسیم ہاشمی ، صفدر عباس،بیگم اسماء علی شاہ، ذوالفقار قائم خانی ، محمد تقی اور دیگر موجو د تھے۔

اس موقع پر اسلم خان نے اعلان کیاکہ یہ گیمز ہر سال باقاعدگی کے ساتھ ہوتے رہیں گے اور ایسوسی ایشن ناصرف کراچی بلکہ جس طرح حیدرآباد اور بلوچستان کو شامل کیا گیا ہے آئندہ سال اور صوبوں کو بھی شامل کریں گے۔

(جاری ہے)

اسلم خان نے الیکٹرونک اور پرنٹ میڈیا کا اظہار تشکر کیا اس موقع پر عبدالعلیم نے اعلان کیا کہ آئندہ سال ان گیمز میں پانچ ایشین ممالک بھی شرکت کریں گے۔

عبدالعلیم نے کہا کہ دنیائے کھیل کو بتائونگا کہ پاکستان کھیلوں سے محبت کرنے والا ایک پر امن ملک ہے اور کراچی میں جس انداز میں میں نے کھیلوں کی سرگرمیاں دیکھی ہیںوہ اس بات کا ثبوت ہے کہ کراچی کے خلاف منفی پروپیگنڈہ کیا جارہا ہے اور پاکستانی عوام دیکھیں گے کہ میں ان کا سفیر بن کر پاکستان میں بین الاقوامی کھیلوں کی سرگر میاں بحال کرانے میں ان کے سفارت کارکا کردار ادا کروں گا۔

اس موقع پر اسکولوں کے طلباء و طالبات نے قومی نظموں کی دھنوں پر ثقافتی رقص کا مظاہرہ کیا جبکہ افواج پاکستان سے اظہار یکجہتی کے لئے ٹیبلوز پیش کئے۔تقریب شروع ہونے سے قبل اولمپئین منصور احمد کیلئے دعائے مغفرت کی گئی اور بیچ گیمز کی ونر ٹرافی کا نام منصور احمد مرحوم کے نام سے منصوب کرنے کا اعلان کیا۔