محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی میں آج نیشنل انجینئرنگ کے مقابلوں کا پروگرام اسپارکوم18- منعقد ہوگا

اتوار 13 مئی 2018 18:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) محمد علی جناح یونیورسٹی کراچی کے الیکٹریکل اور کمپیوٹر انجینئرنگ کے شعبوں نے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سو سائیٹی کے اشتراک سے (آج) پیر کے روز یونیورسٹی کیمپس میں نیشنل انجینئرنگ مقابلوں کے پروگرام اسپارکوم۔18کا انعقاد کیا ہے جو صبح سوا نو بجے سے شام پونے چار بجے تک جاری رہے گا۔پروگرام کے کو آرڈینیٹر شعیب احمد صدیقی کا کہنا ہے کہ اس پروگرام کے دوران ہونے والے چھ مقابلوں میں حصہ لینے والے انجینئرنگ کے طلبہ کو ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا ہوگا جس میں انھیں اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بھر پور موقع مل سکے گا۔

اس ایونٹ کا پہلا پروگرام معلومات عامہ کا مقابلہ بز ہے جس میں سرکٹ کا تجزیہ، ڈیجیٹل لاجک اور الیکٹرنکس کے مضامین سے سوالات تیار کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسرا پروگرام سرکٹ رکس اسپیڈ وائیرنگ کا مقابلہ ہے جس میں حصہ لینے والے طلبہ کو سرکٹ فراہم کیا جائے گا، مقابلہ میں حصہ لینے والوں کو فراہم کردہ سرکٹ پر ایک مقررہ وقت میںبریڈبورڈ بنانا ہوگا۔

تیسرا پروگرام ریس تھرو ہے جوکہ ایک ٹائم ٹرائیل مقابلہ ہے جو کہ قطار میں چلنے والے روبوٹ کی خاطر ترتیب دیا گیا ہے۔مقابلہ میں حصہ لینے والوں کو اپنے روبوٹ کو جانچنے اور اوپر کا ہاتھ محفوظ بنانے کا پورا موقع دیا جائے گا۔اگلا مقابلہ سائینس ورلڈ سینئر انجینئرنگ پروجیکٹ نمائش ہے جس میں مختلف یونیورسٹیوں کے کسی بھی سیمسٹر میں زیرتعلیم طلبہ حصہ لے سکیں گے۔

پانچواں پروگرام سائینس ورلڈ جونیئر ہے جس میں اسکولوں کے طلبہ کو اس بات کا موقع فراہم کیا جائے گا کہ وہ نمائش میں حصہ لے کر اپنے پروجیکٹس پیش کرکے اپنی مہارت کا اظہار کرسکیں۔آخری ایونٹ اسپیڈ پروگرامنگ ہے اس مقابلہ میں حصہ لینے والوں کو پروگرامنگ میں اپنی مہارت کا اظہار کرنا ہوگا، اس مقابلہ میں حصہ لینے والوں کو ایک مخصوص مقصد بتایا جائے گا جس کو انھیں مقررہ مدت میں مکمل کرنا ہوگا۔واضح رہے کہ نیشنل انجینئرنگ کے ہرمقابلہ میں کامیابی حاصل کرنے والے طلبہ کو 30 ہزار روپے تک کے انعامات دیئے جائیں گے۔