مئی کا پہلا ہفتہ ، ماہ رمضان سے قبل مہنگائی کی شرح میں اضافہ

اتوار 13 مئی 2018 18:50

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) رواں ماہ مئی کے پہلے ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.31 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ کم آمدنی والے طبقے کے لئے قیمتوں کے حساس اعشاریئے میں 0.17 فیصد اضافہ دیکھنے میں آیا۔ پاکستان بیورو شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق 11 مئی کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زندہ مرغی، آلو، کیلے، ویجی ٹیبل گھی، دال ماش، دال مسور ، سرخ مرچ ،گڑ، ایل پی جی ،بیف، مٹن، باسمتی چاول، خوردنی تیل، کپڑے، چائے، سمیت 15 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ۔

(جاری ہے)

ٹماٹر، پیاز، لہسن، گندم،آٹا ، انڈے، چینی، دال مونگ، چنے کی دال سمیت نو اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی، ادارہ شماریات کے مطابق پیٹرول، ہائی اسپیڈ ڈیزل، مٹی کاتیل، بجلی کے نرخ، گیس نرخ، نمک، اری چاول، مسٹرڈ آئل، تازہ دودھ ، دھی ،ملک پاڈر، صابن سمیت 29 اشیائے کی قیمتوں میں استحکام رہا،۔ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتہ کے مقابلے میں 8 ہزار تا 12 ہزار آمدنی، 12 ہزار تا 18 ہزار آمدنی، 18 ہزار تا 35 ہزار تک اور 35 ہزار روپے سے زائد آمدنی والے افراد کے گروپوں کیلئے قیمتوں کے حساس اعشاریے میں بالترتیب 0.24، 0.28 ،0.33 اور0.36 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔