چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی کا وحدت کالونی اتوار بازار کا دورہ،گراں فروشی پر 6گرفتار

اتوار مئی 18:50

لاہور۔13 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء)چیئرمین پرائس کنٹرو ل کمیٹی میاں عثمان نے وحدت کالونی اتوار بازار کا دورہ کر کے اشیائے خوردونوش کی سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت اور معیار کا تفصیلی جائز ہ لیا ،گراں فروشی پر 6کے خلاف ایف آئی آر کا اندراج کرا کے موقع سے ہی گرفتار کر ادیا گیا جبکہ کم تولنے اور ناقص اشیاء کی فروخت پر تین سٹالز منسوخ کر دئیے گئے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی انتظامیہ کے افسران کے ہمراہ اچانک وحدت کالونی اتوار بازار پہنچ گئے اور تمام سٹالز کا دورہ کر کے سرکاری ریٹ لسٹ کے مطابق فروخت اور معیار کا جائزہ لیا ۔ اس موقع پر خریداری کیلئے آنے والے شہریوں سے بھی آگاہی حاصل کی گئی ۔ چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی نے تمام سٹالز پر الیکٹرانک ترازو کے ذریعے تول چیک کی اور کم تولنے والے اور ناقص اشیاء کی فروخت پر تین سٹالز منسوخ کر دئیے گئے ۔

گراں فروشی پر 6 دکانداروں کو موقع سے ہی گرفتار کرا کے ایف آئی آر کا اندراج کر ادیا گیا ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پرائس کنٹرول کمیٹی میاں عثمان نے کہا کہ ناجائز منافع خوری کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں اور ان کی جگہ سلاخوں کے پیچھے ہے ۔