معاشرے کی ترقی امن اور استحکام کیلئے قانون کی حکمرانی اولین شرط ہے، قانون کی حکمرانی قائم کرکے ہی جرائم و دہشت گردی پر قابو پایا جاسکتا ہے،

گو رنر بلوچستان محمد خان اچکزئی کی وفد سے بات چیت

اتوار 13 مئی 2018 18:50

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ معاشرے کی ترقی امن اور استحکام کیلئے قانون کی حکمرانی اولین شرط ہے۔ قانون کی حکمرانی قائم کرکے ہی جرائم و دہشت گردی پر قابو پایا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوںنے وکلاء کی انجمنوں کے ایک نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ جس نے پیر کلیم احمد خورشید کی سربراہی میں گورنر بلوچستان سے ملاقات کی۔

وفد میں پاکستان بار ایسو سی ایشن ، بلوچستان بار ہائی کورٹ ایسو سی ایشن کے نمائندوں کے علاوہ سینئر وکلاء شامل تھے ۔ اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان معظم جاہ انصاری اور پرنسپل سیکریٹری ٹو گورنر سجاد احمد بھٹہ بھی موجود تھے ۔ اس موقع پر گورنر نے کہا کہ بار اور بینچ یک جان دو قالب ہے ۔

(جاری ہے)

قانون کی سربلندی کیلئے دونوں ایک دوسرے کے ساتھ ملک کر کام کرتے ہیں اور ان کا آپس میں چولی دامن کا ساتھ ہے ۔

انہوں نے اس امر کو سراہا کہ بلوچستان ہائی کورٹ نے حال ہی میں دو نئے بینچ خضدار اور لورالائی میں قائم کیئے جس سے زیرالتواء مقدمات کو نمٹانے اور زیادہ سے زیادہ لوگوں کو انصاف کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ گورنر بلوچستان نے صوبے کی تاریخی پس منظر سے آگاہ کرتے ہوئے اسکے مسلسل پسماندگی کے اسباب ، قلت آب کے مسئلے ، توانائی کے بحران جیسے امور پر روشنی ڈالی وفد کے ہمراہ پیر کلیم احمد خورشید نے گورنر کا شکریہ اد ا کیا اور کہا کہ ان کے دورے کامقصد بلوچستان کے حالات سے آگاہی اور خاص طور سے انصاف کے شعبے میں صوبے کی نمائندگی کی صورتحال کو بہتر بنانا ہے۔

انہوںنے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ پاکستان بار ایسو سی ایشن بار کونسل اور تمام متعلقہ اداروں میں بلوچستان کی نمائندگی کو یقینی بنایا جائے ۔