کوہاٹ پولیس کی کارروائی،قبائلی سمگلرکوگاڑی اور ہتھیاروں کی بھاری کھیپ سمیت گرفتار کرلیا

اتوار 13 مئی 2018 18:50

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) کوہاٹ پولیس نے اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش کوناکام بناکرانڈس ہائی وے پر کاروائی میں مسافر گاڑی سے قبائلی اسلحہ سمگلر کو خود کار ہتھیاروں کی بھاری کھیپ سمیت گرفتار کرلیا گیا ہے،اسلحہ جو قبائلی علاقہ درہ آدم خیل سے جنوبی اضلاع کو سمگل کیا جارہا تھا۔ضلعی پولیس سربراہ عباس مجید خان مروت کی واضح احکامات کے مطابق ناجائز ہتھیاروں کی سمگلنگ کی روک تھام کے حوالے سے اٹھائے گئے اقدامات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے کوہاٹ شہر سے متصل قبائلی علاقوں اور دیگر شہروں سے آنیوالی شاہراہوںاور خفیہ راستوں پر چیکنگ کے عمل میں مزید تیزی لائی گئی ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ روز ایک کاروائی کے دوران پولیس نے اسلحہ اور جعلی کرنسی بلوچستان سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناکر دو بین الصوبائی سمگلروں کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا تھا ۔

(جاری ہے)

پولیس کاروائیوں کے اس تسلسل میں اتوار کی صبح کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ایک مرتبہ پھر ہتھیاروں کی ایک بڑی کھیپ پکڑی گئی ہے۔کاروائی میں ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین نے پولیس نفری کے ہمراہ ٹنل ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ میں چیکنگ کے دوران درہ آدم خیل سے آنیوالی ایک مسافر سوزوکی پک اپ گاڑی سے ہتھیاروں کے قبائلی سمگلر کو گرفتار کرکے انکے قبضے سے مجموعی طور پر ایک کلاشنکوف،دو پستول اور ایک ہزار سے زائد مختلف بور کے کارتوس برآمد کرکے انکے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں مقدمہ درج کرلیاہے۔