میانوالی میں نواز شریف کیخلاف مقدمہ کیلئے تھانے میں درخواست دائر

اتوار 13 مئی 2018 18:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2018ء) حلف کی پاسداری نہ کرنے اور ملکی آئین سے غداری کرنے پر نوازشریف کے خلاف مقدمہ کے اندراج کیلئے شہری نے تھانہ سے رجوع کرلیا۔منصور خان ولد سید خان نے ایس ایچ او تھانہ سٹی میانوالی کو تحریری درخواست میں مؤقف اپنایا ہے کہ نوازشریف نے ممبئی حملوں سے متعلق میڈیا میں بیان دے کر اپنے ملک اور قوم کی ساکھ اور سالمیت کو نقصان پہنچایا ہے،جس کا ازالہ کئی دہائیوں تک نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپنے دل اور رتبہ کی تسکین کیلئے نوازشریف ملک اور قومی سرحدوں کے امین نہیں رہے اور انہوں نے تین بار منتخب وزیراعظم کے طور پر حلف اٹھایا اوران کا یہ بیان حلف سے روگردانی کے مترادف ہے۔درخواست گزار نے کہا کہ پاکستانی شہری ہونے کے ناطے ایسے غداروں کے خلاف ہمیں فی الفور آواز اٹھانی چاہئے اور نوازشریف کے خلاف مقدمہ کا اندراج کرکے آئین پاکستان کے تحت انصاف کے تقاضے پورے کئے جائیں۔اس حوالے سے تھانہ سٹی میانوالی کے ایس ایچ او سے مؤقف کیلئے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ درخواست کو مشاورت کیلئے اعلیٰ پولیس افسران کے پاس بھیجا جائے گا۔