نواز شریف کا ممبئی حملوں کے متعلق حالیہ بیان وہی ہے جو ہمارے ریاستی اداروں کا موقف دیا ہے،طلال چوہدری

پاکستان کے سابق آرمی چیف بھی یہی بات کر چکے ہیں، بدقسمتی سے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے اور سی پیک جیسا بڑا تحفہ دینے والے کو آج غدار کیا جارہا ہے نواز شریف کی مقبولیت سے مخالفین پریشان ہیں اس لئے تھرڈ گریڈ الزامات لگائے جارہے ہیں،مخالفین کو شکست ہوگی اور 2018 ء کے الیکشن میں ن لیگ ایک بار پھر سرخرو ہوگی،نجی ٹی وی سے گفتگو

اتوار 13 مئی 2018 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2018ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنماء و وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ نواز شریف کا ممبئی حملوں کے متعلق حالیہ بیان وہی ہے جو ہمارے ریاستی اداروں کا موقف دیا ہے۔ پاکستان کے سابق آرمی چیف بھی یہی بات کر چکے ہیں۔ بدقسمتی سے پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والے اور سی پیک جیسا بڑا تحفہ دینے والے کو آج غدار کیا جارہا ہے۔

میاں نواز شریف کی مقبولیت سے مخالفین پریشان ہیں اس لئے تھرڈ گریڈ الزامات لگائے جارہے ہیں۔ مخالفین کو شکست ہوگی اور 2018 ء کے الیکشن میں ن لیگ ایک بار پھر سرخرو ہوگی۔ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہا ممبئی حملوں کے متعلق میاں نواز شریف نے وہی بیان دیا ہے جو ہمارے ریاستی اداروں کا موقف تھا۔

(جاری ہے)

یہی بات پاکستان کے سابق آرمی چیف بھی کہہ چکے ہیں آرمی چیف نے جرمنی میں کانفرنس میں اعتراف کیا کہ آج ہم وہی کاٹ رہے ہیں جو چالیس سال پہلے بوئے گئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ نواز شریف کے دور حکومت میں نہیں ہوا۔ اس وقت کی حکومت نے بین الاقوامی سطح پر اسے قبول بھی کیا ۔ ذمہ داروں کے خلاف پرچہ کرایا ضمانتیں ہوئیں پھر ضمانت منسوخ بھی کردی گئی۔ ان کے متعلق اس واقعے کے بارے میں کیوں نہیں پوچھتے ہیں۔ طلال چوہدری کا کہنا تھا کہ بدقسمتی سے غدار اس شخص کو کہہ رہے ہیں جس نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا ور نااہل اسے کہہ رہے جس نے سی پیک جیسا عظیم منصوبہ پاکستان کے عوام کو تحفے کے طور پر دیا۔

نواز شریف عوام میں مقبول لیڈر ہیں ۔ 2018 ء کے الیکشن پھر ان لیگ جیتنے جارہی ہے اس لئے انہیں بدنام کرنے کیلئے تھرڈ گریڈ الزامات لگائے جارہے ہیں انہوں نے مزید کہا کہ قوم اصل حقائق سے بخوبی آگاہ ہے ہمیں مزید وضاحت دینے کی ضرورت نہیں ہے نہ ہی کوئی سرٹیفکیت پیش کریں گے۔