Live Updates

پاکستان کے حصول کیلئے قبائل کی قربانیاں لازوال ہیں،امیتاز شاہد

وطن پاکستان کے حصول کیلئے ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دیں اس کی حفاظت کیلئے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے امن اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہو گا،وزیرقانون خیبرپختونخوا

اتوار 13 مئی 2018 18:50

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی اُمور امتیاز شاہدقریشی نے کہا کہ پاکستان کے حصول کے لیے قبائل کی قربانیاں لازوال ہیں جن کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔وطن پاکستان کے حصول کے لیے ہمارے بزرگوں نے بے شمار قربانیاں دیں اس کی حفاظت کے لیے ہمیں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کر کے امن اور بھائی چارے کو فروغ دینا ہو گا۔

آج کے طلباء و طالبات روشن کل کی ضمانت ہیں انہیں اپنی تعلیم پر خصوصی توجہ دینا ہو گی کیونکہ مستقبل میں آگے بڑھ کر انہی نے ملک و قوم کی بھاگ دوڑ کو سنبھالنا ہے۔ان خیالات کا اظہاراُنہوں نے اورکزئی گرینڈ کلچر نائٹ کی تقریب کے شرکا ء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ایم پی اے ہنگو شاہ فیصل ،منیجنگ ڈائریکٹر ماڈل ٹائون کوہاٹ ملک عاطف ،ملک عابد نورسمیت دیگر مشران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر قانون امتیاز قریشی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے دور حکومت میں صوبے میں امن قائم ہو ا،میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا گیا اور اصلاحات کے ذریعے اداروں کو مضبوط بنایا گیا جس کی وجہ سے عوام کی زندگیوں میں حقیقی تبدیلیاں آئی ہیں اور آج بین الاقوامی اداروں کی رپورٹس کے مطابق پورے ملک میں خیبر پختونخوا سب سے بہترین صوبہ ہے۔تحریک انصاف کی صوبائی حکومت آنے سے پہلے صوبے میں بدترین دہشت گردی، اقرباپروری اور بدامنی تھی،ہر طرف دھماکے تھے،لیکن جب تحریک انصاف کی حکومت آئی تو صوبے میں امن،خوشحالی اور سرمایہ کار واپس آگئے،آئندہ الیکشن میں کامیابی حاصل کرکے چاروں صوبوں میں حکومت بنائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات