فرحان محبوب اور فائزہ ظفر پاکستان سکواش سرکٹ ون کے فاتح ٹھہرے

اتوار 13 مئی 2018 18:50

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) فرحان محبوب اور فائزہ ظفر نے مصحف سکواش کمپلکس اسلام آباد میں جاری پاکستان سکواش سرکٹ - ون کے فائنل میں فتح حاصل کر لی۔ مردوں کے فائنل مقابلے میں فرحان محبوب نے اپنے حریف اسرار احمد کو ایک دلچسپ مقابلے کے بعد تین ،ایک سے باآسانی شکست دے دی۔ تجربہ کار فرحان محبوب شروع سے ہی اپنے مخالف کھلاڑی پرحاوی رہے اور پہلی گیم 11/7 سے جیت لی۔

دوسری گیم بھی فرحان نے 11/6 سے اپنے نام کر لی تاہم تیسری گیم میں اسرار احمد نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ پیش کرتے ہوئے یہ گیم 11/5 سے اپنے نام کی۔لیکن چوتھی گیم فیصلہ کن ثابت ہوئی جس میں فرحان نے 11/4 سے اپنے حریف کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ یہ میچ 36 منٹ تک جاری رہا۔

(جاری ہے)

خواتین کا فائنل دو بہنوں فا ئزہ ظفر اور مدینہ ظفر کے مابین کھیلا گیا۔

فائزہ نے باآسانی اپنی چھوٹی بہن کو 26 منٹ میں شکست دے دی۔ فائزہ ابتدا سے ہی حاوی رہیں اور پہلی گیم 11/7 سے باآسانی جیت لی۔دوسری گیم میں دونوں کھلاڑیوں نے زبردست کھیل پیش کیا تاہم فائزہ نے یہ گیم بھی 15/13 سے جیت لی۔تیسری گیم میں مدینہ ظفر نے انتہائی عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 11/9 سے جیت کر میچ میں واپسی کی تاہم چوتھی گیم میں فائزہ نے ایک دفعہ پھر شاندار اسٹروک کھیلتے ہوئے 11/6 سے کامیابی حاصل کی اور پاکستان سکواش سرکٹ - ون کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ سکواش کے مایہ ناز کھلاڑی قمر زمان اس تقریب کے مہمانِ خصوصی تھے۔ انہوں نے جیتنے والے کھلاڑیوں میں ٹرافی اور انعامات تقسیم کئے۔

متعلقہ عنوان :