وفاقی پولیس نے 9 جواریوں سمیت مختلف جرائم میں ملوث 13 ملزمان کو گرفتار کر لیا

اتوار 13 مئی 2018 19:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) وفاقی پولیس نے مختلف جرائم میں ملوث 9 جواریوں سمیت 13 ملزمان کو گرفتار کرکے ان کے قبضہ سے اسلحہ و ایمونیشن، منشیات اور نقدی برآمدکر لیا، ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ شالیمار پولیس کے ایس ایچ او انسپکٹر عابد اکرام معہ ٹیم نے سیکٹر ایف ٹین ون پاک ٹاور پر چھاپہ مارکر نو جواریوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضہ سے رقم مبلغ 28800 روپے اور تاش قبضہ پولیس میں لے کر مقدمہ درج کر لیا ہے ۔

تھانہ شمس کالونی پولیس کے سب انسپکٹر خالد نے ملز م ولی خان سے دوران گشت ایک عدد پسٹل تیس بور برآمد کر لیا ہے۔ تھانہ نیلو رپولیس کے نعمان علی اے ایس آئی نے ملزم محمد رضوان سے تیس بور پسٹل جبکہ ظفر اقبال نے ملزم فاخر سے تیس بور پسٹل برآمد کر لیاہے سی آئی اے پولیس کے انسپکٹر ارشاد ابڑو نے ملزم کاشف حسین سے 145گرام ہیروئن برآمد کر لی ہے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج رجسٹر کر لئے گئے ہیں اور مزید تفتیش جاری ہے۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی اسلام آباد نے تمام پولیس افسران کو ہدایت کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائیاں عمل میں لائی جائیں، پٹرولنگ کو مزید سخت کیا جائے چیکنگ کو مزید مؤثر بنایا جائے اور مشکوک و مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جائے۔