سائلین کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے،ایس پی انویسٹی گیشن زبیر احمد شیخ

اتوار مئی 19:10

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) ایس پی انویسٹی گیشن زبیر احمد شیخ نے کہا ہے کہ تھانوں میں آنے والے سائلین کے مسائل کو سنا جائے اور ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے، تمام فیصلے میرٹ پر کئے جائیں، کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو تاکہ عوام اور پولیس میں جو دوریاں ہیں ان کا خاتمہ ہو سکے۔ یہ بات انہوں نے ایک میٹنگ کے دوران کہی۔

ایس ایس پی اسلام آباد نجیب الرحمان بگوی کی خصوصی ہدایات پر ایس پی انوسٹی گیشن زبیر احمد شیخ نے انڈسٹریل ایریا زون کے افسران اور مصالحتی کمیٹیوں کے ممبران سے میٹنگ کی جس میں اے ایس پی انڈسٹریل ایریا ،سبزی منڈی اور انڈسٹریل ایریا کے مصالحتی کمیٹیوں کے ممبران نے شرکت کی۔ ایس پی انویسٹی گیشن زبیر احمد شیخ نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ممبران اور پولیس افسران تھانوں میں آنے والے سائلین کے مسائل کو توجہ سے سنیں اور انہیں ترجیح بنیادوں پر حل کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تمام فیصلے میرٹ اور حقائق کی روشنی میں کریں کسی کے ساتھ نانصافی یا زیادتی نہیں ہونی چاہئے اور جو بھی شخص تھانے میں آئے بغیر سفارش اس کاکام کریں۔ انہوں نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد ڈاکٹر سلطان اعظم تیموری کا وژن ہے کہ اسلام آباد پولیس کو ایک ماڈرن اور عوام دوست پولیس بنایا جائے جو دوسرے صوبوں کی پولیس کیلئے ایک مثال ہو ،اس سلسلہ میں کمیونٹی پولیسنگ کو فروغ دیا جا رہا ہے جو کہ پولیسنگ کاانتہائی کامیاب طریقہ ہے۔

ایس پی انوسٹی گیشن نے مزید کہا کہ تمام ممبران اپنے اپنے علاقوں میں جرائم پیشہ عناصر پر نظر رکھیں اور کسی بھی مشکو ک شخص یا سرگرمی میں فوری پولیس کو بتائیں تاکہ ایسے عناصر کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عوام اور پولیس مل کر کام کریں تو جرائم پر قابو پایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے انڈسٹریل ایریا زون کے تمام افسران کو بھی ہدایات کیں کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں تما م ڈیوٹیز خود چیک کیا کریں اور ڈیوٹی پر تعینات عملہ کو گاہے بگاہے بریف کرتے رہا کریں، عوام کی جان و مال کا تحفظ ہماری اولین ترجیح ہے اوراس سلسلہ میں کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

آخر میں انہوں نے تمام شرکاء میٹنگ کا شکریہ ادا کیا اور تمام ممبران کمیٹیوں سے بھرپور تعاون کی امید ظاہر کی۔

متعلقہ عنوان :