لائن سٹاف کو دوران ڈیوٹی پیش آنے والے حادثات کی بنیادی وجہ انسانی غفلت اور لاپرواہی ہے ، ہمارے ہاں سیفٹی کو ضرورت کی بجائے سزا سمجھا جاتا ہے جسے بدلنے کی ضرورت ہے،آئیسکوچیف باسط زمان احمد

اتوار 13 مئی 2018 19:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 مئی2018ء) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کے چیف ایگزیکٹو باسط زمان احمد نے کہا ہے کہ لائن سٹاف کو دوران ڈیوٹی پیش آنے والے حادثات کی بنیادی وجہ انسانی غفلت اور لاپرواہی ہے جس کو لائن سٹاف کے سوا اور کوئی نہیں روک سکتا، ہمارا سیفٹی کے متعلق سوچنے کا انداز ہی غلط ہے کیوں کہ ہمارے ہاں سیفٹی کو ضرورت کی بجائے سزا سمجھا جاتا ہے جسے بدلنے کی ضرورت ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آئیسکو ہیڈ آفس میں ایک سیفٹی سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ ترجمان آئیسکو کے مطابق لائن سٹاف کو سیفٹی کے متعلق آگاہی فراہم کرنے کیلئے منعقدہ سیمنار میں آئیسکو ریجن کے تمام ایس ایز ، ایکسئینز ، ایس ڈی اووز اور لائن سٹاف کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیفٹی ایکسپرٹ طفیل احمد شیخ نے کہا کہ یو ں تو پوری دنیا میں لائن سٹاف کو حادثات پیش آتے ہیں مگر پاکستان میں لائن سٹاف کو پیش آنے والے حادثات کی شر ح بہت زیادہ ہے، جس کی ذمہ داری ہم سب پہ عائد ہوتی ہے، ہمیں اپنے اطراف میں یہ شعور پیدا کرنا ہوگا کہ سیفٹی کلچر کے فروغ ہی میں ہماری بقا ہے ، ایسے قدامات دور حاضر کی ضرورت ہیں جن کی بدولت دوران ڈیوٹی پیش آنے والے حادثات کو روکا جا سکے، فیلڈ افسران آج سے یہ عہد کریں کہ اپنی سب ڈویژن میں حادثہ نہیں ہونے دیں گے۔

آپریشن ڈائریکٹر راجہ اصغر نے سیمنار سے اپنے خطاب میں کہا کہ آج کے دن ہم نے سیفٹی کا پیغام تمام لائن سٹاف تک پہنچانا ہے ، سیفٹی کوڈ پر عمل نہ کرنے والوں کو سزا نہ دینا بھی ایک جرم ہے ، سیفٹی کلچر کو اجتماعی سوچ اور نیک نیتی کے ساتھ پھیلائیں گے تو عملی طور پر اس کا نفاذ ہوگا انھوں نے لائن سٹاف کو کہا کہ خطرے کی صورت میںلائن پر کام نہ کریں ، جان لیوا حادثات کی روک تھام کیلئے سنجیدگی دکھائیں گے تو ہی حادثات کم ہوسکیں گے۔

آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو یونین کے رہنماجاوید بلوچ نے ریجنل سطح پر لائن سٹا ف کی آگاہی کیلئے سیفٹی سیمنار کے انعقاد پر آئیسکو انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور تجویز پیش کی کہ آئیسکو ریجن میں دوران ڈیوٹی شہید ہونے والے ملازمین کی یاد میں سالانہ یوم شہدا منانے اور عید کے موقع پر شہید ہونے والے ملازمین کے اہل خانہ کی مالی معاونت کا انتظام کیا جائے۔

آئیسکو چیف ایگزیکٹو باسط زمان احمد نے اس موقع پر اپنے خطا ب میںکہا کہ بدقسمتی سے ہمارے ہاںایک روایت سی چلی آرہی ہے کہ ہم کسی حادثے کا انتظار کر تے رہتے ہیں جب کوئی حادثہ پیش رونما ہو جاتا ہے تو اس کے بعد ہم مختلف اقدامات اٹھاتے ہیں،یاد رکھیںکہ معمولی تکنیکی غلطیاں بسا اوقات کسی بڑے حادثے کا باعث بن جاتی ہیں ، ہمار ا مقصد کسی غلطی کے بعد اس سے سبق سیکھنا ہونا چاہیے نہ کہ اس کو دہرانا، غلطیوںکو بار بار دہرانا غفلت کے ذمرے میں آتا ہے۔

آئیسکو چیف کا مزید کہنا تھا کہ ہنگامی صورتحال اس بات کا قطعی جواز نہیںکہ انسانی جان کو دائو پر لگایا دیا جائے ، ہمارے سیفٹی کے متعلق سوچنے کے انداز کو بدلنا وقت کی اولین ضرورت ہے ،لائن سٹاف کا کیڈر واحد کیڈر ہے جو برسوں کے تجربات کے بعد سسٹم کا حصہ بنتا ہے ، معمولی غفلت اور لاپرواہی کے باعث اس قیمتی اثاثے کا ضیائع ناقابل قبول ہے ، لائن سٹاف کی سیفٹی کیلئے سب ڈویژن سے لے کر ہیڈ آفس کی سطح تک اجتماعی کوششیںکرنا ہوں گی۔

آئیسکو چیف نے آئیسکو انتظامیہ کو آئیسکو کے شہید ہونے والے لائن سٹاف کی یاد میں یوم شہدا منانے اور عیدین کے موقع پر مالی معاونت فراہم کئے جانے کیلئے ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت بھی کی۔ سیمینار کے اختتام پر سیفٹی ایکسپرٹ طفیل احمد شیخ نے لائن سٹاف سے حلف لیا کہ وہ سیفٹی آلات کے بغیر لائن پر ہرگز کام نہیںکریں گے۔