این آئی سی ایل کرپشن کیس میں سابق چیئرمین ایاز خان نیازی گرفتار

عدالت کا کیس کے دوسرے کردار محسن حبیب وڑائچ کو بھی فوری گرفتار کرنے کا حکم

اتوار مئی 19:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) سپریم کورٹ کے حکم پر نیشنل انشورنس کمپنی لمیٹڈ ( این آئی سی ایل) کے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی کو گرفتار کرلیا گیا۔۔چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار اور جسٹس مشیر عالم پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بینچ نے این آئی سی ایل میں مبینہ کرپشن کیس کی سماعت کی۔ اس موقع پر این آئی سی ایل کے سابق چیئرمین ایاز خان نیازی عدالت میں پیش ہوئے۔

(جاری ہے)

عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم ایف آئی اے کے مقدمات میں عدالتوں سے ضمانت پر تھا تاہم مقدمات ایف آئی اے سے نیب منتقل ہونے پر ضمانت غیر مؤثر ہوگئی ہے۔۔سپریم کورٹ نے کہا کہ اگر ایاز خان نیازی نیب عدالت سے ضمانت پر نہیں ہیں تو انہیں گرفتار کیا جاسکتا ہے جب کہ عدالت نے کرپشن کیس کے دوسرے کردار محسن حبیب وڑائچ کو بھی فوری گرفتار کرنے کے احکامات جاری کردیے۔ سپریم کورٹ نے حکم دیا کہ احتساب عدالت کراچی اور لاہور 2 ماہ کے اندر قانون کے مطابق فیصلہ کریں اور سابق چیئرمین ایاز خان نیازی کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔عدالتی احکامات کے بعد قومی احتساب بیورو (نیب) نے این آئی سی ایل کرپشن کیس میں ایاز خان نیازی کو گرفتار کرلیا۔