Live Updates

ایم ایم اے اتحاد امت کا بہترین پلیٹ فارم ہے، پیر اعجاز ہاشمی

اتوار 13 مئی 2018 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2018ء) جمعیت علماپاکستان کے مرکزی صدراور متحدہ مجلس عمل کے نائب صدر پیر اعجاز احمد ہاشمی نے کہا ہے کہ ایم ایم اے اتحاد امت کا بہترین عملی پلیٹ فارم ہے۔ جس نے عملی طور پر اسلام میں محبت اور برداشت کے رویے کو اجاگر کیا ہے۔ ایران اور سعودی عرب بھی ایم ایم اے کے نقش قدم پر چلیں تو باہمی تنازعات حل کرسکتے ہیں۔

سیکولر عناصر کو پانچ دینی جماعتوں کے اتحاد نے واضح پیغام دیا کہ مشترکہ مشن کے لئے شیعہ سنی، دیوبندی بریلوی اور اہل حدیث ایک پلیٹ فار م پر اکٹھے ہوسکتے ہیں۔ ہم نے تکفیری نعروں اور فرقہ وارانہ رویوں کو بھی مسترد کرکے اجتماعی قیادت اور ایک امت کا تصور پیش کردیا ہے۔اب امت میں انتشار پیدا کرنے والی قوتوں کی موت کا دن ہے۔

(جاری ہے)

وہ مینار پاکستان گراونڈ میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے ۔

جے یو پی کے رہنما شاہ اویس نورانی اور مولانا نور احمد سیال نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔ پیر اعجا ز ہاشمی نے کہا کہ کرپشن کے خاتمے کی دعویدار جماعت نے دوسری جماعتوںکے تمام کرپٹ سیاستدان اپنی جماعت میں اکٹھے کرلئے ہیں۔ نووارداور غیر تربیت یافتہ سیاستدان خلائی مخلوق کے ساتھ اتنے مل چکے ہیں کہ اب میاں اظہر والی ق لیگ لگنے لگے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کوملاں ملٹری الائنس دینے والی پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کی قیادت تو جلاوطن تھی ،پرویز مشرفکی آمریت کا مقابلہ ایم ایم اے نے کیا ۔

اب وہ بھی عدالتی بھگوڑا ہو چکا ہے۔آج مشرف کا سیاسی وجود ہے اور نہ اس کی جماعت ق لیگ ، جبکہ اسٹیبلشمنٹ کو عمران خان کی شکل میں میاں اظہر مل گیا ہے ۔پیر اعجاز ہاشمی نے کہا کہ ایم ایم اے سے زیادہ جمہوری جماعت کوئی نہیں ہوسکتی ہے۔ جس کا منشور اسلام اور قرآن ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات