نواز شریف کا پاکستان سے دہشت گرد بھارت بھیجنے کا بیان ملک سے غداری ہے،صاحبزادہ حامد رضا

مودی کے یار اور وطن کے غدار پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے،ھارتی و امریکی بیانیہ کی تائید کرنے والے نواز شریف نے بھارت دوستی میں ہر حد عبور کر لی ہے،چیئرمین سنی اتحاد کونسل

اتوار مئی 19:30

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ نواز شریف کا پاکستان سے دہشت گرد بھارت بھیجنے کا بیان ملک سے غداری ہے۔ مودی کے یار اور وطن کے غدار پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ درج کیا جائے۔ نواز شریف ریاست کے لئے سیکورٹی رسک بن چکا ہے۔

بھارتی و امریکی بیانیہ کی تائید کرنے والے نواز شریف نے بھارت دوستی میں ہر حد عبور کر لی ہے۔ نواز شریف پاک فوج کے خلاف عالمی سازش کا مہرہ بن چکا ہے۔ ممبئی حملہ پاکستان کو بدنام کرنے کے لئے بھارت،، اسرائیل اور امریکہ کا مشترکہ منصوبہ تھا۔ نواز شریف نے بھارت کے پاکستان مخالف بیانیہ پر مہر لگا دی ہے۔ نواز شریف نے آج تک کل بھوشن کی جاسوسی، بلوچستان میں بھارتی دہشت گردی اور کنٹرول لائن پر بھارتی جارحیت پر زبان نہیں کھولی۔

(جاری ہے)

نواز شریف عالمی طاقتوں کی حمایت حاصل کرنے کے لئے ملک دشمنی پر اتر آیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنی اتحاد کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ چیئرمین نیب کے خلاف ن لیگ کی شرمناک مہم جوئی قابل مذمت ہے۔ ناجائز طریقے سے دولت کمانے والوں کو ہمیشہ کے لئے سیاست سے آؤٹ کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔

نواز شریف چور ہی نہیں غدار وطن بھی ہے۔ شہباز شریف وزیراعظم تو کیا اپوزیشن لیڈر بھی نہیں بن سکتا۔ امریکی سفارت کاروں کی نقل و حرکت محدود کرنے کے جوابی فیصلے کی حمایت کرتے ہیں۔ امریکی غلامی کی زنجیریں توڑنے کا وقت آ گیا ہے۔ مسلم حکمران القدس میں امریکی سفارت خانے کے قیام کے خلاف آواز اٹھائیں۔ امریکہ کی اسرائیل نوازی عالمی امن کے لئے شدید خطرہ ہے۔

ٹرمپ امریکہ کا گورباچوف ثابت ہو گا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ نوازشریف رہبر کی شکل میں رہزن ہے۔ سابق نااہل وزیراعظم کے ملک دشمن اور بھارت نواز بیان سے عالمی سطح پر پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔ الیکشن میں مودی کے یاروں کا بوریا بستر گول ہو جائے گا۔ ریاست پر کیچڑ اچھالنے والا قوم کی قیادت کا اہل نہیں ہے۔ نوازشریف کو ملک سے غداری کے جرم میں گرفتار کیا جائے۔ ممبئی حملوں کا ماسٹر مائینڈ خود بھارت تھا۔