نواز شریف کا بیان غیر ذمہ دارانہ ، ہمارے وجود کو خطرہ لا حق ہو گیا،محمد احمد چٹھہ

تین بار کے وزیراعظم سے توقع نہیں تھی کہ وہ پوری قوم کو بھارت کی نظر میں شرمندہ کر د ینگے دنیا کا رد عمل آئندہ دو تین ہفتوں میں آئے گا،ہمارا موقف ہے میاں صاحب ملکی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں، پریس کانفرنس سے خطاب

اتوار 13 مئی 2018 19:30

وزیرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے رکن محمد احمد چٹھہ نے کہاکہ تین بار کے وزیراعظم سے توقع نہیں تھی کہ وہ پوری قوم کو بھارت کی نظر میں شرمندہ کر د ینگے ، نواز شریف کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے جس سے ہمارے وجود کو خطرہ لا حق ہو گیا ہے۔دنیا کا رد عمل آئندہ دو تین ہفتوں میں آئے گا۔

پی ٹی آئی کا موقف ہے کہ میاں صاحب ملکی سلامتی کے لئے خطرہ ہیں۔وہ پی ٹی آئی کے مقامی آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر چوہدری محمد یوسف، چوہدری شبیر اکرم چیمہ، مستنصرمحمود ساہی، وقار اشرف کلیر ، محمد خالد مغل اور سلمان حبیب بھی موجود تھے۔ محمد احمد چٹھہ نے کہا کہ میاں نوازشریف نے ممبئی حملوں میں پاکستانیوں کو ذمہ دار ٹھہرا کر پوری قوم کو بھارت کے سامنے شرمندہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جوشخص تین بار پاکستان کا وزیراعظم رہا ہو اس سے ایسے بیان کی توقع نہیں کی جا سکتی کہ وہ پاکستان کو مزید امتحان میں ڈالے جو پہلے ہی بین الاقوامی سطح پر دبائو میں ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف کا بیان قابل مذمت ہے جس نے بین الاقوامی برادری میں غلط تاثر دیا ہے۔انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کمیونٹی کی جانب سے آئندہ دو تین ہفتوں میں ردعمل سامنے آئے گا۔

میاں صاحب کے بیان سے ملکی سلامتی کو خطرات لا حق ہو سکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ میاں نواز شریف کے خیالات اور بیان سے وہ سیکیورٹی رسک بن گئے ہیں جس کے بارے میں عوام کو سوچنا ہے کہ ایسے فرد کا کیا کرنا ہے جو بھارت کے سامنے پاکستان کا شرمندہ کرتا ہے۔یہ وقت ہے کہ عوام ان کو مستر کر دیں اور (ن) لیگ کو سزا دیں۔ غیر ذمہ دار فرد سے ہی ایسے بیان کی توقع کی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے بیانئے سے معیشت اور دفاعی لحاظ ملک کو خطرات لا حق ہوئے ہیں اور جو دبائو پاکستان پر آئے گا اس کی وجہ سے بہت سے معاملات میں پسپائی اختیار کرنا پڑ سکتی ہے۔ شبیر اکرم چیمہ نے کہا کہ غیر ذمہ دارانہ بیان دے کر میاں نواز شریف نے اپنی پاکستانیت ،مسلم حیثیت اور حب الوطنی کو مشکوک کر لیا ہے۔وہ تیسری باری میں ساڑھے چار سال وزیراعظم رہے تو ایسے لوگوں کے خلاف کار روائی کیوں نہ کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کے ذمہ دار ادارے میاں نواز شریف کے خلاف ایکشن لیں اس سے پہلے کہ وہ کوئی بڑا نقصان کر جائیں۔چوہدری محمد یوسف نے کہا کہ میاں نواز شریف نے کارگل کے معاملے پر بھی بھارت کو فائدہ پہنچایا۔ ایٹمی دھماکے نہ کر کے بھی کریڈٹ لینے والا پاکستان سے مخلص نہیں ہو سکتا۔ایٹمی پروگرام کو فوج نے مکمل کیاجبکہ غلام اسحاق خان نے نگرانی کی اور کریڈٹ میاں نواز شریف لے رہے ہیں۔

وقار اشرف کلیر نے کہا کہ نواز شریف کے غیر ذمہ دار انہ بیان کے اثرات کچھ دیر بعد سامنے آئینگے۔ایٹمی پروگرام کی وجہ سے پاکستان پہلے ہی دبائو میں ہے۔اگر عوام نے جواب نہ دیا تو پاکستان کو مزید نقصان ہو سکتا ہے ۔ مستنصر محمود ساہی نے کہا کہ میاں نواز شریف کا بیان ڈان لیکس کا سیکوئل ہے جس کو نظر انداز کرنا بھی غیر ذمہ داری ہو گی۔ ۔