عوامی نیشنل پارٹی کا حالیہ بارشوں سے قیمتی جانی نقصان پر اظہار افسوس

اتوار 13 مئی 2018 19:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2018ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی اور جنرل سیکرٹری سردار حسین بابک نے صوبہ بھربشمول فاٹا میں ہونے والی حالیہ بارشوں کے نتیجے میں ہونے والے قیمتی جانی نقصان پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کیلئے تعزیت کا اظہار کیا ہے،اپنے ایک بیان میں پارٹی رہنماؤں نے کہاکہ قدرتی آفات کی وجہ سے قومی و ذاتی املاک کو نقصان پہنچنا افسوس ناک ہے۔

(جاری ہے)

تاہم صوبائی حکومت کو اپنی تمام توجہ متاثرین کو فوری امداد بہم پہنچانے کیلئے مرکوز کرنی چاہئے ، انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے ذاتی املاک کو بھی نقصان پہنچا ہے دکھ کی اس گھڑی میں سب کو متاثرین کی داد رسی کرنی چاہئے اور جس حد تک ممکن ہو سکے ان کی امداد کی جائے ،انہوں نے کہا کہ کوئی بھی دوسری چیز انسانی جانوں کا نعم البدل نہیں ہو سکتی تاہم انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کی فوری طور پر مالی امداد کی جائے ،اور زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے مؤثر اقدامات کئے جائیں ، انہوں نے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں سب کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے متاثرہ بہن بھائیوں کی امداد کیلئے عملی اقدامات اٹھائیں ،سردار حسین بابک نے صوبائی حکومت سے نقصانات کا فوری طور پر جائزہ لینے ، تخمینہ لگانے اور متاثرین کے ساتھ فوری امداد کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت کو حالیہ بارشوں کی وجہ سے ممکنہ سیلاب کی صورتحال کیلئے الرٹ رہنا چاہئے اور تمام تر توجہ ممکنہ حادثات سے نمٹنے پر مرکوز رکھنی چاہئے، انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی متاثرین کے دکھ اور تکلیف میں برابر کی شریک ہے اور پارٹی کسی طور متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی،انہوں نے کہا کہ مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی بھی یقینی بنائی جائے۔