سندھ اور پنجاب پولیس کے مابین کریمنلزریکارڈ سسٹم کے انضمام کے ضمن میں مفاہمتی یاداشت کے حوالے سے تقریب کا انعقاد

اتوار مئی 19:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 13 مئی2018ء) سندھ اور پنجاب پولیس کے کریمنلزریکارڈ سسٹم کے انضمام کے حوالے سے لاہور میں منعقدہ ایک تقریب میں آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ اور آئی جی پنجاب کیپٹن ریٹائرڈ عارف نواز خان نے مفاہمتی یاداشت پر دستخط کئے ۔اس موقع پر ڈی آئی جی آئی ٹی سندھ جاوید اکبر ریاض اور ڈائریکٹرآئی ٹی سندھ تبسم عابد بھی موجود تھے ۔

اس انضمام کے بعد سندھ پولیس اور پنجاب پولیس آئی ٹی کریمنلز ریکارڈ مینجمنٹ سسٹم باہم منسلک ہوگیا ہے جسکے تحت سندھ پولیس اور پنجاب پولیس کے تھانہ جات ،ایس ایس پی دفاتر اور سی آئی اے کے ساتھ ساتھ سندھ اور پنجاب جیلز کے پاس دستیاب کمپیوٹرائزڈ کریمنلز ریکارڈ ڈیٹا ایک سافٹ ویئر کے ذریعے باہم منسلک/آن لائن ہوگیا ہے جس سے بلاشبہ دونوں صوبوں کی پولیس کی کریمنلز تک ناصرف رسائی آسان ہوجائیگی بلکہ کریمنلز ریکارڈ تک باآسانی اور ون کلک کی بدولت رسائی اور گرفتاری جیسے اقدامات بھی یقینی ہوجائیں گے ۔

(جاری ہے)

مفاہمتی یاداشت پر باقاعدہ دستخط کے بعد سندھ پولیس کے پاس ابتک اپ ڈیٹ کیاگیا2,60,000/= جبکہ پنجاب پولیس کے مطابق انکے پاس دستیاب 12,00,000/=کریمنلز کا ڈیٹا نا صرف باہم منسلک/آن لائن ہوگیا ہے بلکہ اس اقدام کی بدولت جرائم میں ملوث عناصر کی گرفتاری یا ان کی کسی ایک یا دوسرے صوبے میں موجودگی یا ان سے متعلق دیگر ضروری معلومات تک دونوں صوبوں کی رسائی بھی مزید آسان ہوجائیگی۔