Live Updates

تحریک انصاف ملک میں معاشی اور سماجی انصاف اور کرپشن کے خاتمے کیلئے جدوجہد کر رہی ہے،بلوچستان کے رہنمائوں کاخطاب

اتوار 13 مئی 2018 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے رہنمائوں نے کہا ہے کہ تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں ملک میں معاشی اور سماجی انصاف اور کرپشن کے خاتمے کے لئے جدوجہد کر رہی ہے اورانشا اللہ اب کامیابی کی منزل زیادہ دور نہیں،پی ٹی آئی 2018ء کے انتخابات میں بلوچستان میں بھر پور کامیابی حاصل کریگی۔

یہ بات تحریک انصاف ویسٹ ریجن کے صدر عبدالباری بڑیچ ،صوبائی رہنما حاجی سیف اللہ خان کاکڑ،داود خان کاکڑ،نصیرخان کاکڑ،فریدخان کاکڑ ،احمد خان دمڑ نے اتوار کو کلی نوحصارمیں حاجی نصیب اللہ کی قیادت میں درجنوں افراد کی پشتونخوامیپ اور جمعیت علماء اسلام سے مستعفی ہوکرحاجی سیف اللہ کاکڑ کی قیادت پرا عتماد کا اظہار کرتے ہوئے پی ٹی آئی میں شمولیت کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہ آئندہ عام انتخابات کے نتائج دو نہیں ایک پاکستان کے خواب کو شرمندہ تعبیر کرنے میں معاون ثابت ہوں گے ۔ انہوں نے کہا کہ شریف خاندان گزشتہ کئی دہائیوں سے اقتدار کے مزے لوٹ رہا ہے لیکن آج بھی جلسوں میں عوام کو سبز باغ دکھاتے ہیں کہ ہم دوبارہ آ کر انصاف کے نظام میں اصلاح اور عوام کی زندگیوں میں خوشحالی لائیں گے ۔اب ان کا وقت گزر چکا ہے اور عوام انہیں دوبارہ کسی صورت ملک کی باگ ڈور نہیں سونپیں گے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے عوام کے سامنے شریف خاندان اور موجودہ حکمرانوں کی کرپشن عیاں کی ہے اس لئے شریف خاندان کسی کو منہ دکھانے کے قابل نہیں رہا۔ انہوں نے کہا کہ مذہب پرستوں اورقوم پرستوں نے عوام کو سبز باغ دکھاکر اپنے مفادات حاصل کئے آج بھی بلوچستان کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انشاء اللہ تحریک انصاف 2018ء کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اقتدارمیں آکر عوام کے بنیادی مسائل حل کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پراقدامات کرے گی۔ انہوں نے حاجی نصیب اللہ اورانکے ساتھیوں کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئے شامل ہونے والے ساتھی عمران خان کے پیغام کو گھر گھر پہنچائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات