پاکستان بہت نازک دور سے گزر رہا ہے، سید اقبال شاہ

پیپلزپارٹی کے سوا کوئی بھی جماعت پاکستان کو بحران سے نہیں نکال سکتی،پی پی نے انتقامی سیاست نہیں کی،وفد سے بات چیت

اتوار 13 مئی 2018 19:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 مئی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی بلوچستان کے سیکرٹری جنرل سید اقبال شاہ اور سیکرٹری اطلاعات سردارسربلند جوگیزئی نے کہا ہے کہ آج پاکستان بہت نازک دور سے گزر رہا ہے اور پیپلزپارٹی کے سوا کوئی بھی جماعت پاکستان کو بحران سے نہیں نکال سکتی،پی پی نے انتقامی سیاست نہیں کی بلکہ ہمیشہ جمہوریت کی بات کی ہے۔

یہ بات انہوں نے اتوار کو پیپلز پارٹی بلوچستان کے میڈیا سیل میں پیپلز پارٹی کے کارکنوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ،اس موقع پر پیپلز سپورٹس ونگ کے سیکرٹری اطلاعات عبدالباری موسیٰ خیل ،ندیم آفریدی،میڈی سیل کے انچارج حیات خان اچکزئی بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی مزدوروں ،محنت کشوں،کسانوں اور طالب علموں کی پارٹی ہے ہمیں پارٹی کو مضبوط بنانا ہے پیپلز پارٹی اور ذیلی تنظیموں کے کارکن پارٹی کی طاقت ہیں جو شہید بھٹو کے فلسفہ پر یقین رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اسوقت ملک سنگین بحرانوں کا شکا ر پاکستان پیپلز پارٹی ہی ملک کو بحران سے نکال کر صحیح سمت پر گامزن کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی 2018ء کے عام انتخابات میں بلوچستان سمیت چاروں صوبوں سے بھر پور حصہ لیکرکامیابی حاصل کریگی اورانشا ء اللہ عوام کے ووٹوں کی طاقت سے اقتدار میں آکر عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اورانکے مسائل حل کرنے کیلئے بھر پور کوششیںکریں گی۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں پاکستان پیپلزپارٹی کے کامیاب جلسوں سے مخالفین بوکھلاہٹ کا شکار ہوچکے ہیں لیکن ہم مخالفین کو بتادیناچاہتے ہیں کہ پیپلز پارٹی عوام کی طاقت پر یقین رکھتی ہے اورانشاء اللہ عوام انتخابات میں پیپلز پارٹی کا بھر پور ساتھ دیں گے۔